Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قاسم علی شاہ چیئرمین لاہور آرٹس کونسل مقرر، ’عمران خان کے خلاف بیان کا صِلہ‘

قاسم علی شاہ عمران خان سے متعلق ایک بیان کے بعد سے سوشل ٹائم لائنز کا خاص موضوع ہیں (فوٹو: ویڈیو گریب)
پنجاب کے نگراں وزیراعلٰی محسن نقوی نے موٹیویشنل سپیکر قاسم علی شاہ کو لاہور آرٹس کونسل کا چیئرمین مقرر کیا ہے۔
وزیراعلٰی پنجاب کے سیکریٹری سمیر احمد سید کے دستخطوں سے جاری کردہ نوٹی فیکیشن کے مطابق ’قاسم علی شاہ کو لاہور آرٹس کونسل کے 12 رکنی نان آفیشل ممبرز پر مشتمل بورڈ آف گورنرز کا حصہ بنایا گیا ہے۔‘
دیگر افراد میں قدسیہ رحیم، غلام عباس، رضی احمد، ساجدہ وندال، شاہد محمود، محمد احمد شاہ، حماد غزنوی، سلمان ہاشمی، صوفیہ بیدار اور پروفیسر ڈاکٹر نیلم نیاز شامل ہیں۔
قاسم علی شاہ عمران خان کی شخصیت سے متعلق ایک بیان کے بعد سے سوشل ٹائم لائنز کا خاص موضوع ہیں۔ پی ٹی آئی کے حامی صارفین انہیں مسلسل طنزوتنقید کا نشانہ بنائے رہتے ہیں جب کہ ان کے اپنے فینز ان کا دفاع کرنے میں مصروف رہتے ہیں۔
لاہور آرٹس کونسل کے چیئرمین کے طور پر ان کے تقرر کا اعلان سامنے آنے کے بعد سوشل ٹائم لائنز پر ایک مرتبہ پھر یہی صورت حال بنی تو پی ٹی آئی کے حامی متعدد ٹویپس اس حکومتی اقدام سے متفق دکھائی نہ دیے۔
متعدد افراد نے دعویٰ کیا کہ قاسم علی شاہ کو دی گئی ذمہ داری ان کی جانب سے عمران خان سے متعلق دیے گئے بیان کا صلہ ہے۔

کچھ افراد نے وضاحت کی کہ ان کی تقرری نان آفیشل ارکان پر مشتمل بورڈ کے سربراہ کی ہے جس کی علامتی حیثیت ہے، البتہ عمران خان سے متعلق موقف پر ان سے ناراض دکھائی دینے والوں کو یہ توجیہہ بھی راضی نہ کر سکی۔

ایسے ہی کچھ افراد نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ قاسم علی شاہ کو نئی تعیناتی پر بہت سی مراعات ملیں گی تو ان کی تفصیل بھی شیئر کی، البتہ ان معلومات کی سچائی ثابت کرنے کے لیے کسی ذریعے کی نشاندہی نہ کی۔

شیئر: