کن پانچ علاقوں میں موسم غیرمعمولی رہے گا
مکہ اورمدینہ ریجن کے علاقے تیزہوا اورگردوغبار کی لپیٹ میں رہیں گے(فوٹو،ایس پی اے)
موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ مملکت کے متعدد علاقوں میں آج بروز جمعہ موسم غیرمعمولی رہنے کا امکان ہے۔ بعض مقامات پرگردوغبار جبکہ کہیں گہرے بادل چھائے رہیں گے۔
سبق نیوز کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الباحہ ، مشرقی ریجن، عسیر، مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ میں موسم غیرمعمولی رہے گا۔
مشرقی ریجن میں گہرے بادل چھائے رہیں گے جبکہ کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔ الجبیل اورالنعیرہ میں بھی موسم تبدیل ہونے کی توقع ہے۔
الخبر، دمام ، القطیف اورراس تنورہ میں گہری گھٹائیں دوپہرتک چھائی رہیں گی۔ الباحہ ریجن میں تیز ہوائیں چلیں گی جن کا سلسلہ العقیق ، القری ، المندق ، بلجرشی ، بنی حسن تک پھیلنے کا امکان ہے جوشام تک جاری رہے گا۔
قومی مرکزکی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ عیسر ریجن میں تیزاورگردآلود ہوا کی وجہ سےشاہراہوں پرحد نگاہ متاثرہونے کا امکان ہے۔ گردوغبارکا سلسلہ تثلیث ، بیشہ اورطریب تک پھیلنے کی توقع ہے۔
مکہ مکرمہ ریجن خاص کرکے الخرمہ ، المویہ ، تربہ اوررنیہ میں موسم گردآلود رہے گا۔ تیزہوا کی ساتھ گردوغبار کی وجہ سے شاہراہوں پرحد نگاہ بھی متاثرہوگی جس کا سلسلہ جمعہ کی شام تک رہنے کا امکان ۔
مدینہ منورہ ریجن کے علاقے الحناکیہ ، المھد اوروادی الفرع کے بعض مقامات بھی شام تک تیز ہواوں اورگردوغبار کی لپیٹ میں رہیں گے۔