الفجیرہ میں بغیر پرمٹ کے مہم جوئی قانونی جرم قرار
مہم جوئی کے لیے باقاعدہ لائسنس جاری کیا جاتا ہے۔ فوٹو: ٹوئٹر
متحدہ عرب امارات کی ریاست الفجیرہ کے ایڈونچر سینٹر میں بغیر پرمٹ مہم جوئی کرنے والوں پر 50 ہزار درہم جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بغیر پرمٹ کے خطرناک مہم جوئی کرنا نہ صرف خود بلکہ دوسروں کو بھی خطرات سے دوچار کرنے کے مترادف ہے۔
اماراتی اخبار ’امارات الیوم‘ کے مطابق الفجیرہ مہم جوئی کے مرکز نے اس حوالے سے مزید کہا ہے کہ لائسنس یافتہ سیاحتی کمپنیاں باقاعدہ منظم انداز میں کوہ پیمائی اورمختلف مہم جوئی کے پروگرام منظم کرتی ہیں۔
پیغام کے مطابق متعلقہ کمپنیوں کو اس کا لائسنس جاری کیا جاتا ہے جو اپنے ہمراہ آنے والے سیاحوں کی حفاظت کا مکمل طور پر انتظام بھی کرتی ہیں۔
الفجیرہ ایڈونچرسینٹر کے ڈائریکٹرعمر وزین الدین نے بتایا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کی گرفتاری کے لیے سینٹر کی جانب سے چار انسپکٹر مقرر کیے گئے ہیں جبکہ پہاڑی علاقے کے باشندوں سے بھی دو خفیہ انسپکٹرز کو تعینات کیا گیا ہے جو کمشنری کے دس اہم پہاڑی راستوں کی مسلسل نگرانی کرتے ہیں تاکہ کسی بھی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کی جا سکے۔
ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ کوہ پیمائی اور پرخطر پگڈنڈیوں پر شوقیہ طور پر پیدل چلنے والوں کے لیے قوانین مرتب کیے گئے ہیں جس کے لیے کمپنیوں کوبھی لانچ کیا گیا ہے تاکہ علاقے میں شوقیہ مہم جوئی اورغیرہموار راہ گزر پر چلنے والوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے پہاڑی پگڈنڈیوں پر ماضی میں متعدد حادثات رونما ہو چکے ہیں جنہیں مدنظر رکھتے ہوئے مرکز نے اس حوالے سے منظم پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔