عرب شہری کو اپنے دوستوں پر اندھا اعتماد مہنگا پڑ گیا
دوستوں نے اعتماد کا فائدہ اٹھا کر عرب شہری کو مالی نقصان پہنچا یا( فوٹو: ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات راس الخیمہ میں مقیم ایک عرب شہری کو اپنے دوستوں پر اندھا اعتماد مہنگا پڑ گیا۔
امارات الیوم کے مطابق دوستوں نے اعتماد کا فائدہ اٹھا کر عرب شہری کو مالی نقصان پہنچا دیا۔
عرب شہری نے اپنے دوستوں کو جو اس کے ہم وطن بھی تھے دو قیمتی موبائل، سونے کے زیورات اپنی فیملی کو پہنچانے کے لیے حوالے کیے۔ دونوں کا ٹکٹ بھی دیا تاہم دونوں دوست غائب ہوگئے اور سفر بھی نہیں کیا۔
عرب شہری نے دوستوں کی دھوکہ دہی کے خلاف عدالت سے رجوع کرکے اشیا واپس دلانے کی درخواست کی۔
عرب شہری کے دوستوں نے عدالت میں اعتراف کیا کہ ان کے دوست نے کچھ اشیا فیملی تک پہنچانے کےلیے دی تھیں تاہم ان کا سفر کا پروگرام ملتوی ہوگیا۔ انہوں نے یہ اشیا دوسرے دو دوستوں کے حوالے کیں جو سفر کرنے والے تھے تاہم انہوں نے ہمیں دھوکہ دیا۔
عرب شہری نے عدالت میں ایک لاکھ 36 ہزار 838 درہم دلانے کا دعوی دائر کیا تھا۔
عدالت نے پیش کردہ دستاویز پرعرب شہری کے دوستوں کو 68 ہزار درہم اور عدالتی اخراجات ادا کرنے کا حکم دیا تاہم ثبوت نہ ہونے پر دیگر مطالبات مسترد کردیے۔