پوپ فرانسس ہسپتال سے فارغ، ’میں ابھی زندہ ہوں‘
کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس سنیچر کو ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد واپس ویٹیکن چلے گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پوپ فرانسس جن کی پھیپھڑوں میں سوزش کی وجہ سے طبعیت ناساز تھی، علاج کے بعد کہا کہ ’میں خوفزدہ نہیں تھا۔ میں اب بھی زندہ ہوں۔‘
86 سالہ پوپ کی طبی ٹیم کے مطابق بدھ کو انہیں سانس لینے میں تکلیف ہو رہی تھی جس کے بعد انہیں روم کے جیمیلی ہسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں فوری طور پر اینٹی بائیوٹک ادویات دی گئیں۔
میڈیا کو سنہ 2021 میں پوپ سے دور رکھا گیا تھا جب وہ اپنی بڑی آنت کی سرجری کے بعد ہسپتال سے نکلے تھے۔
تاہم اس بار دنیا کو یہ دکھانے کے لیے کہ وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں، پوپ فرانسس باہر جاتے ہوئے اپنی کار سے باہر نکلے، خیر خواہوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انتظار کرنے والے صحافیوں سے بات کی۔
انہوں نے ایک ایسے جوڑے کو گلے لگایا جس کی بیٹی رات ہسپتال میں مر گئی تھی اور ان کے ساتھ دعا کی، اور ایک نوجوان لڑکے جس کا بازو ٹوٹا ہوا تھا اس کے پلاسٹر پر دستخط بھی کیے۔
ویٹیکن واپس جاتے ہوئے انہوں نے اپنی گاڑی کی کھڑکی سے ہاتھ بھی لہرایا۔
فرانسس جنہیں مارچ میں پوپ کے عہدے پر 10 برس ہو گئے تھے، سالگرہ منائی، حالیہ برسوں میں کئی بیماریوں کا شکار ہو چکے ہیں۔