پی ٹی آئی کا کل یومِ تشکر، ہمیں سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا: عمران خان
عمران خان نے کہا کہ ’حکومت کے لوگ الیکشن روکنے کے لیے ہر حربہ استعمال کریں گے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام بدھ کی رات 9 بجے لبرٹی چوک لاہور پر جشن منایا جائے گا جس سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان خطاب کریں گے۔
منگل کی رات ویڈیو خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ’بدھ کی رات قوم نے پیغام دینا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ لوگ الیکشن روکنے کے لیے ہر حربہ استعمال کریں گے۔‘
’اگر ان لوگوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا، یا اسے تقسیم کیا تو قوم کو عدالت عظمیٰ کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ عدالتوں کو تقسیم کرنے میں شریف خاندان کا بڑا ہاتھ ہے، انہیں صرف وہ عدالتیں پسند ہیں جو ان کے حق میں فیصلے کریں۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’یہ سمجھتے ہیں کہ ہم اکتوبر میں کمزور ہو جائیں گے اور یہ پھر یہ انتخابات کرائیں گے، لیکن ہم نہیں بلکہ یہ پارٹیاں کمزور ہوں گی۔‘
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’ہمیں بتایا جائے کہ الیکشن میں تاخیر کا کیا فائدہ ہے؟ کوئی فائدہ ہے تو بتائیں میں انتظار کر لیتا ہوں۔‘
’موجودہ حکومت کے پاس ملک کو بحران سے نکالنے کا کوئی پلان نہیں، الیکشن کے علاوہ پاکستان کو بحرانوں سے نہیں نکالا جا سکتا۔‘
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمیں سپریم کورٹ کے فیصلے پر خوشیاں منانی چاہییں، آئین کی جیت ہوئی، آئین کہتا ہے 90 دن میں الیکشن ہوں گے۔‘
’ہم نے اپنی دو صوبائی حکومتیں ختم کر دیں، تمام وکلا سے مشورہ کرنے کے بعد صوبائی اسمبلیوں کو تحلیل کیا۔‘