شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 3 ارب ریال ’رمضان اعانت‘ کی منظوری دے دی
سماجی کفالت سے مستفید ہونے والوں کو امداد دی جائے گی( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سماجی کفالت سے مستفید ہونے والوں کے لیے 3 ارب ریال سے زیادہ ’رمضان اعانت‘ کی منظوری دی ہے۔
خاندان کے سربراہ کو ایک ہزار اور فیملی ممبر کو 500 ریال اس مد میں دیے جائیں گے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہی منظوری کے تحت جاری ہونے والی رقم ہنگامی بنیادوں پر بینک میں جمع کردی گئی ہے۔
سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی نے بتایا کہ’ رمضان اعانت سے سماجی کفالت یافتگان کو سہولت ہوگی۔ رمضان کی ضروریات خوش اسلوبی سے پوری کرسکیں گے‘۔
عرب نیوز کے مطابق بیوہ، یتیم، بے روزگار افراد، معمر اورمعذور سماجی کفالت سے مستفید ہونے والوں میں شامل ہیں۔
کم آمدنی والے افراد، قدرتی آفات کے متاثرین بھی ریاستی فوائد کے اہل ہیں جو کہ مالی امداد، شادی میں معاونت، سود کے بغیر گھر کے لیے قرضہ یا گھر کی تزئین کی شکل میں ہیں۔