سعودی ایئر پورٹس پر مسافروں کی تعداد ایک سال میں 82 فیصد بڑھ گئی
پروازوں کی تعداد میں 41 فیصد اضافہ ہوا۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی محکمہ شماریات نے کہا ہے کہ 2022 کے دوران بین الاقوامی اور داخلی پروازوں کے ذریعے 88 ملین سے زیادہ افراد نے سفر کیا ہے۔
الاقتصادیہ کے مطابق ’2021 کے مقابلے میں سفر کرنے والوں کی تعداد میں 82 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔‘
محکمہ شماریات نے رپورٹ میں کہا کہ ’2021 کے مقابلے میں 2022 کے دوران فضائی کمپنیوں کی تعداد میں 20 فیصد اضافہ ہوا۔ ان کی تعداد 1443 تک پہنچ گئی۔ ان میں مسافر ایئرلائن اور ایئر کارگو دونوں شامل ہیں۔‘
فضائی کمپنیوں میں ملازمین کی تعداد 34 ہزار ہوگئی، 38 فیصد اضافہ ہوا۔ ان میں خواتین کی تعداد 4 ہزار ہے۔ 70 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پروازوں کی تعداد میں 41 فیصد اضافہ ہوا۔ سب سے زیادہ سعودی عریبین ایئرلائنز کی پروازیں رہیں۔ ان کی تعداد 2 لاکھ 83 ہزار تک پہنچ گئی۔
بین الاقوامی ایئرپورٹس پر پروازوں کی یومیہ اوسط تعداد 1313 اور داخلی ایئرپورٹس سے پروازوں کی یومیہ اوسط تعداد 5.94 ریکارڈ کی گئی۔
2022 کے دوران مسافروں کے حوالے سے سب سے زیادہ مصروف ایئرپورٹ جدہ کا کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل رہا۔ یہاں سے 32 ملین افراد نے سفر کیا۔
پرائیویٹ پروازوں کی تعداد 64 ہزار ریکارڈ کی گئی۔ 2021 کے مقابلے میں 41 فیصد زیادہ رہی ہیں۔
2021 کے مقابلے میں 2022 کے دوران سعودی ایئرپورٹس سے جڑنے والے ممالک کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔