Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوڈان سے شہریوں کے انخلاء پر برطانوی سفیر کا سعودی عرب سے اظہار تشکر

سعودی اپنے ملک آنے والے لوگوں کے ساتھ بہت مہمان نواز ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب میں تعینات برطانیہ کے سفیر نے مملکت کی جانب سے نہ صرف سعودی شہریوں بلکہ غیر ملکیوں کو بھی جنگ زدہ سوڈان سے نکالنے کے لیے تیزترین کارروائیوں کی تعریف کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق برطانوی سفیر نیل کرومپٹن نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودیوں کے علاوہ بہت سے دیگر ممالک کے شہریوں کو سوڈان سے نکالنے کے لیے فراخدلی سے کئے گئے انتظامات اور پورٹ سوڈان سے جدہ پہنچنے میں ان کی مدد کی گئی ہے۔

سعودیوں نے جو ہمارے لیے کیا ہم ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

برطانوی سفیر نے کہا کہ سعودی اپنے ملک آنے والے لوگوں کے ساتھ بہت مہمان نواز ہیں اور ہم ان کی مہمان نوازی کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
قبل ازیں برطانوی وزارت خارجہ، دولت مشترکہ اور وزارت دفاع نے خرطوم میں غیر ملکی سفارت کاروں اور سفارت خانوں کی املاک کو نقصان اور تشدد و دھمکیوں کی وجہ سے برطانوی سفارت خانے کے عملے کو نکالنے کے لیے فوجی آپریشن کا اعلان کیا۔
سعودی عرب نے ہفتے کے روز سے سوڈان سے برطانیہ سمیت دوست ممالک کے شہریوں اور اپنے شہریوں کے انخلاء کے انتظامات کا اعلان کیا جس کا آغاز ہو چکا ہے۔

سعودی قافلے کے ہمراہ متعدد برطانوی شہریوں نے انخلاء کیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

برطانوی سفیر نے بتایا ہے کہ  سوڈان سے انخلاء کے لیے ہم نے فضائی آپریشن وادی سیدنا سے شروع کیا اور اب تک چار پروازوں کے ذریعے 300 سے زیادہ برطانوی شہریوں کو نکالا گیا ہے جب کہ انخلاء کا سلسلہ جاری ہے۔
گزشتہ ہفتے سعودی قافلے کے ہمراہ متعدد برطانوی شہریوں نے سوڈان سے انخلاء کیا ہے جس پر ہم حقیقی معنوں میں سعودی عرب کے  شکرگزار ہیں۔ آئندہ دنوں مزید برطانوی شہریوں کے انخلا کی توقع ہے۔ 
نیل کرومپٹن نے کہا ہے کہ جدہ اسلامی بندرگاہ پہنچنے پر انخلاء  میں مدد کے لیے سعودی حکام کے ساتھ برطانوی سفارت خانہ مصروف عمل ہے۔

مناسب دستاویزات کی تکمیل پر جلد ازجلد برطانیہ روانہ کر دیا جائے گا۔ فوٹو عرب نیوز

برطانوی شہریوں کی جدہ بندرگاہ پر آمد کے بعد کی دستاویزی کارروائی اور  آنے والوں کو رہائش فراہم کرنے کے لیے برطانوی سفارت خانہ کام کر رہا ہے تا کہ وہ جلد از جلد اپنے ملک سفر کر سکیں۔ 
کرمپٹن نے مزید بتایا ہے کہ سوڈان سے انخلاء کرنے والے کاغذی کارروائی مکمل ہونے اور آئندہ پرواز تک جدہ میں ہی رہیں گے، مناسب دستاویزات کی تکمیل پر انہیں جلد از جلد برطانیہ روانہ کر دیا جائے گا جہاں وہ  اپنے خاندان سے ملنے کے قابل ہو جائیں گے۔
برطانوی سفیر نے مزید کہا کہ انخلاء کرنے والوں میں کسی قسم کی بیماری سے لاعلم ہیں تاہم میرے خیال میں یہ سب لوگ بہت مشکل وقت سے گزرے ہیں۔

آئندہ دنوں مزید برطانوی شہریوں کے انخلا کی توقع ہے۔  فوٹو عرب نیوز

سوڈان سے آنے والے بہت سے افراد ذہنی دباؤ میں ہیں جنہیں سعودی حکام کی جانب سے طبی سہولیات تک رسائی کی پیشکش کی گئی ہے۔
برطانوی سفیر نے کہا ہے کہ  سعودیوں نے جو ہمارے لیے کیا ہم ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔
سعودی عرب کے سوڈان کے ساتھ بہت اہم اور دوستانہ تعلقات ہیں اور بہت سارے رابطے اور اثر و رسوخ رکھتے ہیں۔ ہم نے سوڈان کی پالیسی پر کئی برسوں سے سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے بدھ کی شام جاری کئے گئے بیان میں واضح کیا ہے کہ سوڈان سے آنے والوں کی تعداد 2,351 تک پہنچ گئی ہے جن میں 119 سعودی کے علاوہ 67 قومیتوں کے 2,232 افراد شامل ہیں۔
 
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: