Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظہبی: کینسر کے مریضوں کے اعضاء کی پیوند کاری سے متعلق کانفرنس

ماہرین نے آنکولوجی کے شعبوں میں جدید ترین علاج  سے بارے میں آگاہی دی۔ فوٹو عرب نیوز
متحدہ عرب امارات  میں  کینسر کے مریضوں کے لیے اعضاء کی پیوند کاری کے حوالے سے خطے کی پہلی طبی تقریب کی میزبانی کی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس خصوصی تقریب میں شرکت کرنے کے لیے  1500 طبی ماہرین ابوظہبی پہنچے ہیں۔ 
متحدہ عرب امارات کے رواداری اور بقائے باہمی کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک ایمریٹس آنکولوجی سوسائٹی (EOS)، ہیوسٹن میتھوڈسٹ گلوبل ہیلتھ سروسز کے تعاون سے ابوظہبی میں منعقد ہونے والی کانفرنس کی سرپرستی کر رہے ہیں۔

کینسر کے کامیاب علاج کو درپیش چیلنجوں کی نشاندہی کی جائے گی۔ فوٹو وام

ایمریٹس نیوز ایجنسی نے  رپورٹ میں کہا ہے کہ  کانفرنس میں آنکولوجی، کینسر اور اعضاء کی پیوند کاری کے شعبوں کے ماہرین کو متحدہ عرب امارات، مشرق وسطیٰ اور دنیا بھر سے امارات کے دارالحکومت (جو طبی سیاحت کا ایک اہم مقام بن چکا ہے) میں آنے کی دعوت دی گئی ہے۔
کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شیخ نہیان نے بتایا کہ اپنی نوعیت کی یہ منفرد طبی کانفرنس مشرق وسطیٰ میں پہلی بار منعقد ہو رہی ہے۔
شیخ نہیان بن مبارک نے بتایا کہ اس کانفرنس کا مقصد کینسر کی روک تھام، معائنے، تشخیص اور علاج میں سرکردہ علاقائی اور بین الاقوامی ماہرین کو اکٹھا کرنا ہے تاکہ کینسر کے کامیاب علاج کو درپیش چیلنجوں کی نشاندہی کی جا سکے اور  ایسے اقدامات کئے جا سکیں جو صحت کی دیکھ بھال کو بہتر بنائیں۔

 تقریب میں شرکت کے لیے  1500 طبی ماہرین ابوظہبی پہنچے ہیں۔  فوٹو وام

کانفرنس میں امریکہ، برطانیہ اور سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کے شرکاء نے طبی تجربات اور جدید ترین طریقہ علاج کی ایجادات کے بارے میں وضاحت کی جبکہ کانفرنس میں 24 پینل سیشنز اور 50 سے زائد تحقیقی مقالوں پر مباحثے ہوئے۔
شیخ نہیان بن مبارک نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی ریاست میڈیکل انڈسٹری میں تحقیق اور علم کے تبادلے کے لیے وسیع خطے میں تعلیم کو فروغ دے رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اعضاء کی پیوند کاری کینسر کے مریضوں، خاص طور پر جگر کے کینسر میں مبتلا افراد کے علاج کے لیے انتہائی امید افزا طریقہ ہے۔
اس طریقہ علاج نے دنیا بھر میں مریضوں کی زندگی بچانے اور  مرض کی شدت کو کم کرنے کی بڑی صلاحیت ظاہر کی ہے۔

کانفرنس میں 24 پینل سیشنز اور 50  تحقیقی مقالوں پر مباحثے ہوئے۔ فوٹو وام

کانفرنس کا مقصد کینسر کے مریضوں کے لیے اعضاء کی پیوند کاری کو دنیا بھر میں ایک نئی طبی خصوصیت کے طور پر فروغ دینا ہے۔
کانفرنس کے نگران اور ایمریٹس آنکولوجی سوسائٹی (ای او ایس) کے صدر پروفیسر حمید الشمسی نے بتایا کہ ہم یہاں تمام جدید اور ضروری علاج فراہم کرنے اور مریضوں کے بیرون ملک سفر کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
کانفرنس میں موجود ماہرین نے آنکولوجی اور اعضاء کی پیوند کاری کے شعبوں میں جدید ترین علاج  سے واقف کرانے میں مدد کی ہے تاکہ انفیکشن کی شرح کم کی جا سکے۔

شیئر: