انڈین خاتون نے شوہر کے نام کا ٹیٹو ماتھے پر بنوا لیا
یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اب تک 26 لاکھ لائکس اور 1 کروڑ 25 لاکھ ویوز حاصل کر چکی ہے۔ (فوٹو: سکرین گریب)
لوگ اپنے جیون ساتھی کے ساتھ پیار کے اظہار کے لیے بعض اوقات کچھ انوکھا کام کر جاتے ہیں۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ایسا ہی ایک انوکھا کام بنگلور شہر سے تعلق رکھنے والی خاتون نے کیا اور اپنے شوہر کے نام کا ٹیٹو اپنے ماتھے پر بنوا لیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ٹیٹو پارلر کنگ میکر ٹیٹو سٹوڈیو نے ایک ویڈیو اپلوڈ کی۔
وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں خاتون کو اپنے شوہر، جس کا نام ستیش ہے، کے نام کا ٹیٹو ماتھے پر پرنٹ کرواتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ٹیٹو آرٹسٹ پہلے ان کا نام پیپر پر لکھتا ہے اور پھر حتمی فونٹ سے پہلے ان کے ماتھے پر اُسے چپکا دیتا ہے۔ ویڈیو میں خاتون نہایت خوش نظر آ رہی ہیں۔
اس کے بعد ٹیٹو آرٹسٹ ٹیٹو مشین کے ذریعے ان کے ماتھے پر سیاہی لگاتا ہے۔ جیسے ہی یہ مرحلہ شروع ہوتا ہے خاتون اضطراب کی کیفیت کا شکار ہو جاتی ہے اور ٹیٹو آرٹسٹ کو روکنے کی کوشش کرتی ہے۔
ویڈیو کے اوپر ’سچا پیار‘ کا کیپشن بھی دیکھنے کو ملتا ہے۔
یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اب تک 26 لاکھ لائکس اور 1 کروڑ 25 لاکھ ویوز حاصل کر چکی ہے۔
اس وائرل ویڈیو کے بارے میں انسٹاگرام صارفین کی جانب سے تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
اوم کار کولم نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’اسی وجہ سے تعلیم بہت اہم چیز ہے۔‘
سنجنا جیسوال لکھتی ہیں کہ ’اسے اوور ایکشن کہا جاتا ہے۔ مجھے ڈِس لائک بٹن چاہیے۔‘
انسٹاگرام ہینڈل بزی کوئن کہتی ہیں کہ ’یہ اُن کی مرضی ہے اور ان کی زندگی ہے۔ ان کے بارے میں خود سے رائے قائم نہ کریں۔ تاہم آپ کو کافی منفی تبصروں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس کی پرواہ نہ کریں۔‘
شومیا وی راؤ نے لکھا کہ ’کتنی بے وقوفی ہے۔ پیار یہ ہے کہ آپ کیسے ایک دوسرے سے برتاؤ کرتے ہیں اور کتنی عزت دیتے ہیں۔‘