عازمین حج کی رہائش ہر آب زمزم کی فراہمی کےلیے نو مراکز
زم زم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے 950 افراد کاعملہ تعینات ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں عازمین حج کی رہائش پرآب زم زم فراہم کرنے والی کمپنی ’الزمازمہ ‘ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ریان درویش زمزمی کا کہنا ہے کہ’ کمپنی کی جانب سے مکہ مکرمہ میں آب زمزم کی سپلائی کےلیے 9 مراکز قائم کیے گئے ہیں‘۔
سبق نیوز کے مطابق ریان درویش زمزمی نے کہا کہ عازمین حج کی رہائشی عمارتوں میں حج سیزن کے دوران مستقل بنیادوں پر آب زم زم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے 950 افراد پر مشتمل عملہ متعین کیا گیا ہے۔
زمازمہ کمپنی نے 137 مخصوص لوڈنگ ٹرک بھی فراہم کیے ہیں جن میں آب زم زم کے کین لوڈ کرکے عازمین کی رہائشی عمارتوں میں پہنچائے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ انسپکٹرز عازمین حج کی عمارتوں کا سروے کرکے وہاں یومیہ درکارآب زم زم کے کین کی تعداد کو ریکارڈ کرتے ہیں جس کی اطلاع کنٹرول روم کو فوری طور پرموصول ہوجاتی ہے۔ کنٹرول روم سے مقررہ تعداد میں زم زم کے کین پہنچا د یے جاتے ہیں۔
زمازمہ کمپنی کی جانب سے اس بات کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے کہ کسی بھی عمارت میں آب زم زم کی کمی نہ ہو۔ مستقل بنیادوں پرمختلف شفٹوں میں کارکنوں کی ڈیوٹیاں لگائی جاتی ہیں۔