Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین گجرات میں مسجد پر تنازع، کوڑے مارنے کی ویڈیو وائرل

پرتشدد احتجاج کے دوران چار پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ (فوٹو: ویڈیو سکرین گریب)
انڈین ریاست گجرات کے ضلع جونا گڑھ میں مسجد کو مسمار کرنے کے تنازع پر ہونے والے پُرتشدد احتجاج کے دوران ایک بزرگ شہری ہلاک اور چار پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق جمعے کو جونا گڑھ میں قائم مسجد کو مسمار کرنے کے لیے نوٹسز جاری ہونے کے بعد یہ احتجاج شروع ہوا اور جمعے کی رات لوگوں کے ایک جتھے نے پولیس پر حملہ کر دیا۔
پولیس نے اس واقعے کے ملوث ہونے کے شبہہ میں اب تک 174 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
جونا گڑھ کے سپرینٹینڈنٹ آف پولیس تیجا وسمسٹی کے مطابق ہلاک ہونے والے بزرگ شہری کی موت پتھراؤ کی زد میں آنے کی وجہ سے ہوئی۔
جونا گڑھ رینج کے انسپیکٹر جنرل آف پولیس ایم اے چھواڈا نے احتحاج کے حوالے سے صحافیوں کو بتایا کہ 62 سالہ شہری مظاہرین کا حصہ نہیں تھے بلکہ ایک راہگیر تھے جو پتھراؤ کی زد میں آ کر جان کی بازی ہار گئے۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے سے متعلق ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے جس میں مسجد کے باہر کچھ افراد کو تشدد کا نشانہ بنتے اور کوڑے کھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

آئی جی جونا گڑھ نے اس ویڈیو کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے نہیں پتہ آپ کس ویڈیو کی بات کر رہے ہیں۔ یہاں تو بہت سے ویڈیوز گردش کر رہی ہیں۔‘
پولیس کے مطابق جونا گڑھ کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مسجد کی انتظامیہ کو نوٹسز جاری کیے تھے کہ وہ اگلے پانچ دنوں میں زمین کے پیپرز میونسپل کارپوریشن میں جمع کرائیں اور ثابت کریں کہ یہ مسجد غیرقانونی زمین پر نہیں بنی ہوئی۔

شیئر: