’امیر و غریب کی تقسیم،‘ ڈی ایچ اے کراچی کے پارک میں غیر رہائشیوں کا داخلہ ممنوع
ہفتہ 24 جون 2023 12:12
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
وہ افراد جو ڈی ایچ اے کے رہائشی نہیں ان کا نثار شہید پارک میں داخلہ ممنوع ہے۔ (فائل فوٹو: فیس بُک)
کراچی میں ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کی جانب سے فیز 4 میں قائم نثار شہید پارک میں داخلے کے لیے نئی شرائط عائد کردی گئی ہیں۔
ڈی ایچ اے کراچی کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی جانے والی ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ’رہائشی پارک میں صرف خاندان کے افراد کے ساتھ آئیں۔ اکیلے کسی بھی شخص کا داخلہ ممنوع ہے۔‘
ڈی ایچ اے نے پارک میں داخل ہونے کے لیے ’ڈریس کوڈ‘ کے بارے میں لکھا ہے کہ ’ڈی ایچ اے کے رہائشی جو پارک میں چہل قدمی کے لیے آنا چاہتے ہیں وہ مناسب سپورٹس کٹ یا کم سے کم پینٹس، شرٹس اور شلوار قمیض کے ساتھ جوگرز پہنیں۔‘

ہاؤسنگ اتھارٹی نے سوشل میڈیا پر جاری شرائط میں یہ بھی لکھا کہ وہ افراد جو ڈی ایچ اے کے رہائشی نہیں ان کا نثار شہید پارک میں داخلہ ممنوع ہے۔
ڈی ایچ اے کے ان نئی شرائط کے بعد سوشل میڈیا صارفین ہاؤسنگ اتھارٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
عزیز احمد نے ایک ٹویٹ میں سوال کیا کہ ’کیا نثار شہید ایک نجی پارک ہے؟ اگر نہیں ہے تو جو ڈی ایچ اے کے رہائشی نہیں انہیں کیسے پارک میں داخلے سے روکا جا سکتا ہے؟‘

کراچی سے تعلق رکھنے والے صحافی عبدالجبار ناصر لکھتے ہیں کہ اس پارک میں دور دراز سے بھی لوگ اکثر تفریح کے لیے آتے ہیں اور ڈی ایچ اے لوگوں کو پارک میں داخلے سے روکنے کا عمل ’انتہائی شرمناک اور امیر و غریب میں تقسیم کی کوشش ہے۔‘

سارہ نے ڈی ایچ اے کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی شرائط پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’نئی تقسیم، یا تو آپ ڈی ایچ اے سے ہیں یا پھر آپ ہیں ہی نہیں۔‘

انہوں نے استفسار کیا کہ ’جتنا مجھے علم ہے اس کے مطابق نثار شہید ایک پبلک پارک ہے۔ کیا اس کے سٹیٹس میں کوئی تبدیلی ہوئی ہے؟‘