Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی طالبہ کی امریکہ میں یوگو بافٹا سٹوڈنٹ ایوارڈ  کے لیے نامزدگی

نیوم نے این ایف ٹی ایس سے تربیتی پروگرام میں رفیف کی مالی اعانت کی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی گیمنگ سٹوڈنٹ رفیف قلانتان لاس اینجلس میں گیمنگ کیٹیگری میں امریکہ کے یوگو بافٹا سٹوڈنٹ ایوارڈ کی نامزدگی حاصل کرنے والی پہلی طالبہ بن گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق نیشنل فلم اینڈ ٹیلی ویژن سکول میں تعلیم کے لیے رفیف قلانتان کو نیوم کی جانب سے سپورٹ کیا گیا جس کے بعد انہیں بافتا کے پینل میں شامل 140 ارکان نے پروگرام کے  اگلے راؤنڈ کے لیے منتخب کیا ہے۔
یوگو بافٹا کی سالانہ تقریب میں سکرین کے شعبے میں تخلیقی کہانیوں پر کئے جانے والے کام کو سراہتے ہوئے دنیا بھر کے انتہائی ہنر مند سٹوڈنٹس کو خصوصی ایوارڈز دئیے جاتے ہیں۔
نیوم نے نیشنل فلم اینڈ ٹیلی ویژن سکول (این ایف ٹی ایس) میں دو سالہ تربیتی پروگرام میں گیم ڈیزائن، ہدیت کاری اور اس شعبے میں مختلف مہارتیں حاصل کرنے کے لیے رفیف کی مالی اعانت کی ہے۔
سعودی طالبہ نے اس ایوارڈ میں نامزدگی کے لیے  'Eros Xavier's Love Solutions،'  کے عنوان سے اپنی مہارت پیش کی ہے۔
رفیف نے فلم کے شعبے میں ہدایت کاری، کمپوزنگ، لوکیشن ساؤنڈ ریکارڈنگ، گیمز ڈیزائن اور ویژول ایفیکٹس میں تربیت حاصل کرنے کے لیے دو سالہ پروگرام مکمل کیا ہے۔

رفیف قلانتان کی ناقابل یقین صلاحیتیں دیکھ کر بہت خوشی ہے۔ فوٹو انسٹاگرام

سال 2023 کے یوگو بافٹا سٹوڈنٹ ایوارڈز کے لیے ارجنٹائن، بیلجیئم، چیک ریپبلک، ڈنمارک، ہانگ کانگ، انڈیا، میکسیکو، سعودی عرب، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات سمیت 30 ممالک کے 103 سکولوں سے 754 سٹوڈنٹس کے نام دئیے گئے تھے۔
نیشنل فلم اینڈ ٹیلی ویژن سکول کے ڈائریکٹر جون وارڈل نے بتایا ہے کہ نیوم کی حمایت یافتہ طالبہ رفیف قلانتان کی قابلیت اور لگن اس کی قابل قدر شناخت کا باعث بنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گیمنگ کے زمرے میں رفیف کی تخلیقی کہانی 'Eros Xavier's Love Solutions' پر ہمیں فخر ہے، ہم نئے  ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے میں مدد کرتے ہیں۔

30 ممالک کے 103 سکولوں سے 754 سٹوڈنٹس کے نام دئیے گئے۔ فوٹو انسٹاگرام

دوسری جانب نیوم میں میڈیا انڈسٹریز، انٹرٹینمنٹ اور کلچر کے مینیجنگ ڈائریکٹر وین بورگ نے کہاہے کہ  رفیف قلانتان کی ناقابل یقین صلاحیتوں کو دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے جب انہیں بافٹا جیسی معروف تنظیم نے گیمز میں شاندار کارکردگی پر نامزد کیا ہے۔
نیوم کی جانب سے سکرین کے شعبے میں اپنا کیریئر بنانے یا ثقافتی، سماجی  و دیگر تربیتی پروگرام کی سرپرستی کی سکیمیوں کے ساتھ نئے اور ابھرتے ہوئے مقامی ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کے لیے ان کی نشوونما کی جاتی ہے۔
 

شیئر: