جمرات کمپلیکس چار منزلہ ہے اور ہر منزل پر شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے لیے بنائے گئے حوض نما ستون پل کے تہ خانے تک پہنچتے ہیں۔
قوس نما حوض اس انداز میں بنائے گئے ہیں کہ وہاں آنے والی کنکری لازمی طور پر ستون سے ٹکراتی ہے اور اس کے بعد وہ حوض سے ہوتی ہوئی 15 میٹر نیچے تہ خانے میں جا گرتی ہے۔
جمرات کے تہ خانے میں خصوصی میکینزم کے تحت کنویئر بیلٹ پر چھوٹی چھوٹی ٹرالیاں بنائی گئی ہیں جو چاروں منزلوں سے آنے والی کنکریوں کو جمرات کے 15 میٹر زیر زمین بنے کیبن میں ایک جگہ جمع کرتی ہیں۔
جمرات پل کی انتظامیہ کے مطابق حج ایام ختم ہوتے ہی جمرات پل کے سب سے زیریں حصے میں موجود خصوصی ٹینک میں جمع ہونے والی ٹنوں کنکریوں کو نکال کر انہیں دوبارہ استعمال کے لیے متعلقہ ادارے کے حوالے کیا جاتا ہے۔
رمی کے تینوں دن گزرنے کے بعد جب منیٰ خالی ہو جاتا ہے اور حجاج مکہ مکرمہ چلے جاتے ہیں تو اس کے بعد کنکریوں کو نکالنے کی کارروائی شروع کی جاتی ہے۔
حج ایام ختم ہونے کے بعد ان کنکریوں کو پانی اور مخصوص مواد سے صاف کیا جاتا ہے تاکہ ان پر لگی مٹی اور دیگر جراثیم کو صاف کیا جاسکے۔
بعد ازاں انہیں آئندہ برس حج کے دوران استعمال کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا جاتا ہے جو کنکریوں کو پیکٹوں میں رکھتے ہیں جبکہ کچھ کو حج ایام سے قبل مزدلفہ میں بکھیر دیا جاتا ہے۔
جمرات کمپلیکس
رمی کو آسان اور محفوظ بنانے کےلیے جمرات کمپلکں بنایا گیا ہے جو 950 میٹر طویل ہے۔ اس کا عرض 80 میٹر ہے اوریہ 4 منزلہ ہے۔ مستقبل میں کمپلکس کی 12 منزلیں اٹھائی جاسکتی ہیں، جس سے 50 لاکھ حجاج بیک وقت رمی کرسکیں گے۔
جمرات کے ستون 60 میٹر اونچے ہیں اور یہ ستون بیضوی شکل کے ہیں۔
رمی کے لئے شیڈول کے مطابق حاجیوں کو قافلوں کی شکل میں بھیجا جاتا ہے۔ اس کے تحت مختلف مقامات پر خیمہ زن حاجیوں کو مقررہ نظام الاوقات کے مطابق رمی کےلیے جاتے ہیں۔
جمرات کمپلکس کی تعمیر میں ایک اور بات کا اہتمام کیا گیا ہے، وہ یہ کہ سارے حجاج کو ایک ساتھ، جمرات پل کے کسی ایک راستے پر جمع ہونے سے روکا جائے۔ اسی لیےکئی راستے بنائے گئے ہیں۔