Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی فوج کا شام کی ایئر ڈیفنس بیٹری کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

حالیہ چند ماہ میں اسرائیل کی جانب سے شام کے ہوائی اڈوں پر حملوں میں تیزی آئی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے شام کی ایئر ڈیفنس بیٹری کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جس کے ذریعے اسرائیل کی جانب طیارہ شکن میزائل داغا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فوج کے ترجمان نے اتوار کو جاری بیان میں کہا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے علاقے میں دیگر مقامات کو بھی نشانہ بنایا ہے جبکہ شام کی جانب سے ہونے والے میزائل حملوں میں کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
اس سے قبل شام کی سرکاری نیوز ایجنسی ثنا نے کہا تھا کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے شام کے وسطی حصوں میں اسرائیلی میزائل حملے کو روکا اور زیادہ تر میزائلوں کو مار گرایا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت کے کچھ حصوں پر پرواز کرنے والے میزائل شام کے شہر حمص کے آس پاس کے مقامات پر گرے، جس کے نتیجے میں املاک کو نقصان ہوا۔
حالیہ چند ماہ میں اسرائیل کی جانب سے شام کے ہوائی اور فوجی اڈوں پر حملوں کے واقعات میں تیزی آئی ہے تاکہ ایران کی جانب سے فضائی سپلائی لائنوں کے بڑھتے ہوئے استعمال کو روکا جا سکے جس کے ذریعے وہ  شام اور لبنان میں اتحادیوں بشمول لبنان کی حزب اللہ کو ہتھیار پہنچاتا ہے۔
اسرائیلی فوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں کا مقصد شام میں ایران کی بڑھتی ہوئی مداخلت کو کم کرنا ہے اور یہ تنازع کئی سالوں سے جاری ہے۔
تہران کا اثر و رسوخ شام میں اس وقت سے بڑھا ہے جب اس نے سال 2011 میں شروع ہونے والی خانہ جنگی میں صدر بشار الاسد کی حمایت شروع کی تھی۔
حزب اللہ سمیت ایران کے اتحادی جنگجو اب مشرقی، جنوبی اور شمال مغربی شام کے علاقوں اور دارالحکومت کے آس پاس کے کئی مضافاتی علاقوں میں اپنا تسلط قائم کیے ہوئے ہیں۔

شیئر: