مدینہ منورہ آنے والے حجاج کی تعداد 4 لاکھ کے قریب پہنچ گئی
مدینہ منورہ آنے والے حجاج کی تعداد 4 لاکھ کے قریب پہنچ گئی
جمعہ 14 جولائی 2023 11:15
حجاج کو مکہ سے حرمین ٹرین اوربسوں کے ذریعے مدینہ لایا جاتا ہے (فوٹو، ایس پی اے)
حج کی ادائیگی کے بعد مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام کی مدینہ آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر نبی میں چند روز قیام کے بعد حجاج یہاں سے ہی اپنے ملکوں کو روانہ ہوجاتے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ نے حج و زیارت کمیٹی کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے حوالے سے کہا ہے کہ اب تک مدینہ منورہ آنے والے حجاج کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 83 ہزار 275 تک پہنچ چکی ہے۔
حجاج کو بسوں اورحرمین ٹرین کے ذریعے مدینہ منورہ لایا جاتا ہے۔ بیشتر ممالک کے حجاج کی واپسی مدینہ منورہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے ہی ہوتی ہے۔
شماریاتی کمیٹی کا مزید کہنا ہے کہ جمعرات کی شب ہوائی جہاز ، حرمین ٹرین اوربسوں کے ذریعے 22 ہزار383 حجاج کرام مدینہ منورہ پہنچے۔
اس وقت مدینہ منورہ میں موجود حجاج کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 55 ہزار 252 ہے جن کا تعلق مختلف ممالک سے ہے ۔ 23 ہزار 537 حجاج مدینہ منورہ سے اپنے ملکوں کو روانہ ہوئے جن میں 19 ہزار 687 شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جبکہ 3 ہزار802 حجاج کو الھجرہ استقبالیہ سینٹرسے روانہ کیا گیا علاوہ ازیں 49 حجاج بری راستے سے اپنے ملک روانہ ہوئے۔
واضح رہے حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کو مرحلہ وار مدینہ منورہ لے جایا جاتا ہے جہاں وہ چند روز قیام کرنے کے بعد اپنے ملکوں کو روانہ ہوجاتے ہیں۔
وہ حجاج جو حج سے قبل مدینہ منورہ نہیں آتے ان کی واپسی مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ سے ہوتی ہے جبکہ حج سے پہلے مدینہ منورہ آنے والے جدہ کے حج ٹرمنل سے جاتے ہیں۔