امارات، انڈیا میں سرمایہ کاری کرنے والا چوتھا بڑا ملک
اتوار 16 جولائی 2023 19:34
معاہدے کے بعد دوطرفہ تجارت میں تقریبا پندرہ فیصد اضافہ ہوا ہے ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات، انڈیا میں سرمایہ کاری کرنے والا چوتھا بڑا ملک بن گیا ہے۔
امارات کی خبررساں ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات نے انڈیا میں 36.61 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔
دونوں ملکوں کے درمیان شراکت نے 3.6 ارب سے زیادہ نفوس کے لیے کاروباری اور سرمایہ کاری کے مواقع کھول دیے ہیں۔
امارات اور انڈیا کے درمیان جامع شراکت کے معاہدے پر دستخط نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو نئی جہت دی ہے۔ اس پر عمل درآمد یکم مئی 2022 سے شروع ہوا تھا۔
اس معاہدے سے اماراتی کمپنیوں کو انڈیا کی مارکیٹ میں بڑے پیمانے پر رسائی ملی ہے۔ 80 سے زیادہ اشیا کی برآمدات کے راستے کھل گئے۔ کسٹم ڈیوٹی میں منسوخی یا کمی سے اماراتی کمپنیوں کو فائدہ ہوا ہے۔
فروری 2023 میں امارات، فرانس اور انڈیا نے سہ فریقی تعاون پروگرام پر عمل درآمد کے لیے بھی روڈ میپ تیار کیا تھا۔
یاد رہے کہ انڈیا اور امارات نے جون میں تیل کے ماسوا دوطرفہ تجارت کے فروغ کا معاہدہ کیا اور طے کیا کہ 2030 تک فریقین سالانہ سو ارب ڈالر تک کا کاروبار کریں گے۔
اماراتی وزیر مملکت برائے تجارت ڈاکٹر ثانی الزیودی نے کہا کہ تیل کے ماسوا کاروبار کا حجم سٹراٹیجک شراکت کے معاہدے پرعمل درآمد کے گیارہ ماہ کے دوران 45.5 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
یاد رہے کہ انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے سنیچر کو اپنے دورے میں امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کی تھی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق ملاقات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ’انڈیا اور امارات کے درمیان تجارت 2022 میں بڑھ کر 85 بلین ڈالر ہوگئی ہے‘۔
انڈیا، متحدہ امارات کا دوسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ گزشتہ سال فروری میں انڈیا پہلا ملک بن گیا جس کے ساتھ امارات نے جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
اس معاہدے کے بعد دوطرفہ تجارت میں تقریبا پندرہ فیصد اضافہ ہوا ہے۔