Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں ٹریفک حادثات کی بڑی وجہ ’تھکاوٹ اور اونگھ‘

گزشتہ سال دبئی میں 109 حادثات لاپروائی کی وجہ سے ہوئے۔ (فوٹو الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ نے 2022 کے دوران ملک بھر میں ہونے والے ٹریفک حادثات کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال امارات کی شاہراہوں پر 369 حادثات ہوئے جو لاپروائی اور چوکس نہ رہنے کی وجہ سے پیش آئے۔
وزارت داخلہ کے مطابق ’ان میں 75 ابوظبی،  109 دبئی،  48 شارجہ، 77 عجمان،  6 ام القوین، 46 راس الخیمہ اور  8 الفجیرہ میں ہوئے۔‘
اعداد و شمار سے پتہ چلا ہے کہ ’گزشتہ سال تھکاوٹ اور اونگھ کی وجہ سے 37 ٹریفک حادثات ہوئے۔ یہ حادثات  28 ابوظبی، 2 دبئی،  4 شارجہ ، ایک حادثہ ام القوین اور 2 راس الخیمہ میں پیش آئے۔‘
تازہ ترین جائزے سے پتہ چلا  ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران اونگھ کا اثر ڈرائیور پر حاوی ہوتا ہے۔ 
ٹریفک پولیس کی رپورٹ کے مطابق ’اونگھ اور تھکاوٹ کے زیادہ تر حادثات رمضان المبارک کے دوران ہوئے۔‘
محکمہ ٹریفک کے ماہرین  نے آگہی مہم کے دوران ڈرائیوروں سے کہا ہے کہ ’تھکاوٹ یا اونگھ کا احساس ہوتے ہی گاڑی  سڑک کے کنارے پارک کریں اور آرام کرکے ہی آگے بڑھیں۔‘ 
 
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: