Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اصلی اور نقلی آئی فون میں پہچان کیسے کی جائے؟

اصلی اور نقلی آئی فون میں پہچان کے لیے اُس کے سیریل نمبر کو دیکھنا چاہیے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے آئی فونز پر ٹیکس لگائے جانے کے بعد پاکستان میں نان پی ٹی اے آئی فونز کے استعمال میں جہاں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے وہیں ہوشربا قیمتوں کے باعث پن پیک موبائل فون خریدنے کے بجائے استعمال شدہ فونز خریدنے کا رحجان کئی گنا زیادہ ہو چکا ہے۔
اسی سلسلے میں فراڈ اور جعلی آئی فون کی خریداری سے بچنے کے لیے اصلی اور نقلی آئی فون میں فرق جاننا لازمی ہے۔
آئیے جانتے ہیں کہ اصلی اور نقلی آئی فون میں پہچان کیسے کی جا سکتی ہے۔
سیریل نمبر
اصلی اور نقلی آئی فون میں پہچان کے لیے اُس کے سیریل نمبر کو دیکھنا چاہیے۔
اس کے لیے آپ کو آئی فون کی سیٹنگ میں جانا ہوگا جس کے بعد آپ نے جنرل کے آپشن پر کلک کرنا ہے۔ اس آپشن پر جانے کے بعد آپ نے ’اباؤٹ‘ پر کلک کرنا ہے اور وہاں پر موجود سیریل نمبر کو کاپی کر لینا ہے۔
اس سیریل نمبر کو کاپی کرنے کے بعد آپ نے گوگل پر چیک کوریج ڈاٹ ایپل ڈاٹ کام ویب سائٹ میں جا کر سیریل نمبر کو پیسٹ کر دینا ہے۔ اس طرح آپ جان سکیں گے کہ آپ کا فون اصلی ہے اور آپ کو فون فروخت کرنے والا دکان دار سچ بول رہا ہے۔
ماڈل نمبر کو دیکھیں
نقلی آئی فون کو خریدنے سے بچنے کے لیے آپ اس کا ماڈل نمبر بھی دیکھ سکتے ہیں۔
اس کے لیے بھی آپ کو اپنے آئی فون کی سیٹنگ میں جا کر جنرل کے آپشن میں جانا ہوگا۔ اس کے بعد آپ نے اباؤٹ کے آپشن کو کلک کرنا ہے اور وہاں پر موجود ماڈل نمبر کو دیکھنا ہے۔ اگر وہاں ماڈل نمبر ’ایم‘ سے شروع ہو رہا ہے تو یہ فون اصلی ہے، جبکہ اگر وہاں آئی فون کا ماڈل نمبر ’ایف‘ سے شروع ہو رہا ہے تو یہ فون خراب ہو کر ٹھیک ہوا ہے یعنی آسان الفاظ میں اسے ’کھلا ہوا‘ فون کہہ سکتے ہیں۔
اسی طرح اگر آپ کے آئی فون کا ماڈل نمبر ’این‘ سے شروع ہوتا ہے تو اِس کا مطلب ہے کہ یہ فون ایپل کی جانب سے کسی وجہ سے تبدیل کیا گیا ہے۔

نقلی اور اصلی آئی فون میں پہچان کا ایک اور طریقہ سوفٹ ویئر ’آئی کیئر فون‘ کا استعمال ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

آئی کیئر فون
نقلی اور اصلی آئی فون میں پہچان کا ایک اور طریقہ سوفٹ ویئر ’آئی کیئر فون‘ کا استعمال ہے۔ اگر آپ کے پاس میک بُک نہیں ہے تو ونڈو لیپ ٹاپ میں بھی یہ سوفٹ ویئر انسٹال کیا جا سکتا ہے۔
انسٹال کرنے کے بعد اس سوفٹ ویئر کو اوپن کریں اور ڈیٹا کیبل کے ساتھ اپنا آئی فون اِس کے ساتھ کنیکٹ کر دیں۔ یہ سوفٹ ویئر آپ کے آئی فون کی تمام تفصیلات آپ کے سامنے رکھ دے گا اور اگر کوئی بھی چیز جعلی، خراب یا مرمت شدہ ہو گی تو آئی فون کیئر آپ کو بتا دے گا۔
اس کے علاوہ جعلی اور اصلی آئی فون میں شناخت اُس کے کیمرے، پرفارمنس، بیٹری اور یوزر انٹرفیس سے بھی کی جا سکتی ہے۔

شیئر: