Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی دفاعی و سکیورٹی صلاحیتوں کی استنبول ملٹری فیئر میں نمائش

استنبول میں ہونے والے فیئر میں مملکت کے دیگر ادارے اور کاروباری کمپنیاں بھی سعودی پویلین میں موجود ہوں گی۔ فوٹو: ایس پی اے
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریز ترکیہ میں ہونے والے بین الاقوامی دفاعی انڈسٹری فیئر میں مملکت کی عسکری اور سکیورٹی صلاحیتوں کی نمائش کے علاوہ متعلقہ شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو بھی اُجاگر کیا جائے گا۔
عرب نیوز نے سعودی پریس ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ استنبول میں 25 سے 28 جولائی کو ہونے والے فیئر میں مملکت کے پویلین میں سرکاری ایجنسیوں، قومی اداروں اور عسکری و دفاعی شعبے میں کام کرنے والے کاروباری ادارے بھی شامل ہوں گے۔
جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریز کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی فیئر میں شمولیت کا مقصد اعلٰی کوالٹی کے سرمایہ کاری کے مواقعوں کو اجاگر کرنا، علاقائی اور عالمی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کی ترغیب دینا اور دفاعی و سکیورٹی انڈسٹری سے منسلک سعودی کمپنیوں کو سٹریٹیجک شراکت داری کا موقع فراہم کرنا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فیئر میں شمولیت سے سعودی لیڈرشپ کی عسکری اور سکیورٹی کے شعبوں میں حمایت اور مملکت کی سٹریٹیجک خودمختاری کو تقویت دینے کی خواہش کی عکاسی ہوتی ہے۔
علاوہ ازیں مملکت کی خواہش ہے کہ قومی ملٹری انڈسٹریل صلاحیتوں میں ترقی کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سال 2030 تک عسکری آلات اور سروسز پر ہونے والے ملٹری اخراجات کا 50 فیصد سے زیادہ حصہ مملکت کی سطح پر ہو۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد دفاعی شعبے کو مملکت کی معیشت میں حصہ دار کے طور پر کھڑا کرنا ہے، یہ مقصد مقامی سرمایہ کاروں کی حمایت، سرمایہ کاری کی ترغیب، ٹیکنالوجی کی منتقلی و لوکلائزیشن میں حوصلہ افزائی اور سعودی شہریوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کر کہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
استنبول میں ہونے والے فیئر میں مملکت کے دیگر ادارے اور کاروباری کمپنیاں بھی سعودی پویلین میں موجود ہوں گی جس میں سعودی ملٹری انڈسٹریز، نیشنل کمپنی فار مکینیکل سسٹم، سعودی کیمیکل کمپنی، انٹرا ڈیفینس ٹیکنالوجی، ای آر اے ایف انڈسٹریل کمپنی اور ورلڈ ڈیفینس شو شامل ہے۔

شیئر: