’محفوظ سمندری جہاز رانی کے لیے امریکی خلیجی شراکت اشد ضروری ہے‘: سیکریٹری جنرل جی سی سی
2015 کے دوران سپیشل ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا تھا۔ (فوٹو سبق)
خلیجی تعاون کونسل جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے کہا ہے کہ خطے میں سمندری امن کے استحکام، آزادانہ جہاز رانی اور بین الاقوامی تجارت کو رواں دواں رکھنے کے سلسلے میں امریکہ اور جی سی سی ممالک کے درمیان سٹراٹیجک شراکت اشد ضروری ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق البدیوی نے مذکورہ موقف کا اظہار مشترکہ بحری افواج، پانچویں امریکی بیڑے اور سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر براڈ کوپر سے ریاض میں ملاقات کے موقع پر کیا۔
اس موقع پر انہوں نے خلیج عرب کے علاقے میں سمندری امن سے تعلق رکھنے والے متعدد مسائل، امریکی خلیجی تعاون کے استحکام اور بین الاقوامی و علاقائی پارٹنرز کے ساتھ مشترکہ جدوجہد کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
البدیوی نے کہا کہ سمندری جہاز رانی اور آبی گزر گاہوں کے سلسلے میں مشترکہ جدوجہد ناگزیر ہے۔ ایسا کرکے ہی خطے کے ممالک اور بین الاقوامی تجارت کی آزادی اور جہاز رانی کو محفوظ کیا جاسکے گا۔
البدیوی نے توجہ دلائی کہ امریکہ کے ساتھ جی سی سی کی سٹرٹیجک شراکت کے دائرے میں سمندری امن بے حد اہم موضوع ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2015 کے دوران اس مقصد کے لیے سپیشل ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا تھا جو مقررہ نظام کے مطابق میٹنگز کرتا ہے اور سمندری امن کے سلسلے میں فریقین کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے ضروری اقدامات طے کرتا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں