سوڈان میں 65 ٹن فوڈ پیکٹس تقسیم، یمن میں تین سکولوں کی بحالی
سعودی ایجنسی فوڈ سکیورٹی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مدد کررہی ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات کی سوڈان اور یمن میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
سرکاری پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق امدادی مرکز نے سوڈان میں 65 ٹن سے زیادہ خوراک تقسیم کرنے کے علاوہ تین نئے تعمیر شدہ سکول یمن کی وزارت تعلیم کے حوالے کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات نے فوڈ سکیورٹی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سوڈان کی خرطوم کی ایک میونسپلٹی میں تین ہزار 528 افراد کو 25 ٹن اور 800 کلوگرام خوراک کے پیکج فراہم کیے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات نے الجزیرہ کی میونسپلٹی میں تین ہزار 32 افراد کے لیے 21 ٹن سے زیادہ ضروری اشیائے خوردونوش فراہم کیں جب کہ دریائے نیل کی ریاست الدامر میونسپلٹی میں تین ہزار 294 افراد کے لیے مجموعی طور پر 18 ٹن اور 560 کلو گرام ضروری اشیائے خوردونوش فراہم کیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات نے یمن کے لحج گورنریٹ کے ضلع توبان میں تین سکولوں کی تعمیر نو اور بحالی کے بعد انہیں تعلیمی حکام کے حوالے کیا۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات کے انیشیٹو کا مقصد یمن کے تعلیمی شعبے کی سپورٹ کرنا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات کے پروجیکٹس کی پائپ لائن میں 28 کلاس رومز کی توسیع، سیوریج کی سہولتوں کو شامل کرنے کے لیے 10 سکولوں کی بحالی، تدریسی عملے کو تعلیمی امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ 40 ٹرینیز کے لیے امدادی سرگرمیوں کا انتظام بھی شامل ہے۔
توقع ہے کہ ان سرگرمیوں سے لحج، ابین، الضالع اور طائز کے گورنریٹس کے تقریباً 16 ہزار طلبا مستفید ہوں گے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 92 ممالک میں مختلف قسم کے دو ہزار 402 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 6.2 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔