ایشین چیمپیئنز ٹرافی: انڈیا نے پاکستان کو چار گول سے ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا
انڈیا تین میچز جیتنے اور ایک میچ ڈرا کرنے کے بعد پہلے نمبر پر براجمان ہے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں جاری ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے اہم میچ میں انڈیا نے پاکستان کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی۔
اس شکست کے ساتھ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔
یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان ایشیئن چیمپئن ٹرافی میں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا ہے۔
ایشین چیمیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے پاکستان کے لیے یہ میچ جیتنا نہایت اہم تھا۔
ٹورنامنٹ میں گرین شرٹس کو اپنے پہلے میچ میں ملائیشیا کے ہاتھوں ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست ہوئی۔
اس کے بعد پاکستان کا ایونٹ میں دوسرا میچ جنوبی کوریا کے خلاف ایک ایک گول سے برابر رہا۔
گرین شرٹس کا ایونٹ میں تیسرا میچ جاپان کے خلاف تھا جو کہ تین تین گول سے برابر رہا جبکہ اپنے چوتھے میچ میں پاکستان نے چین کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔
اسی طرح اگر ٹورنامنٹ میں انڈیا کے سفر کی بات جائے تو میزبان ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں چین کو دو کے مقابلے میں سات گول سے ہرایا۔
ایونٹ میں اپنے دوسرے میچ میں انڈیا کا سامنا جاپان سے ہوا جو کہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔
اسی طرح انڈیا اور ملائیشیا کے درمیان میچ میں میزبان ٹیم نے مہمان ٹیم کو صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرا دیا۔
ایونٹ میں اپنے چوتھے میچ میں انڈیا نے جنوبی کوریا کو دو کے مقابلے میں تین گولوں سے شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور انڈیا تین تین مرتبہ ایشین چیمپیئنز ٹرافی اپنے نام کر چکی ہیں جبکہ رواں برس ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں کوریا اپنے ٹائٹل کا دفاع کر رہا ہے۔