مصری شہری نے جیل سے رہائی پر بیوی اور بیٹی کو ہلاک اور چار بچیوں کو زخمی کردیا
سیکیورٹی فورس نے واردات کے بعد فرار ہونے والے ملزم کو گرفتار کرلیا (فوٹو: العربیہ)
مصری شہری عبدالمولی نے جیل سے رہائی کے بعد اپنی اہلیہ اور ایک بیٹی کو گردن پر چاقو سے وار کرکے ہلاک جبکہ چار بچیوں کو شدید زخمی کردیا۔
قاہرہ کے الجیزہ علاقے میں اس انسا نیت سوز جرم سے پورے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔
سیکیورٹی فورس نےواردات کے بعد فرار ہونے والے ملزم کو گرفتار کرلیا جو سکریپ کا کام کرتا ہے۔
پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ’مولی‘ نامی مصری شہری نے جو حال میں جیل سے رہا ہوا ہے اپنی اہلیہ رانیا اور نو سالہ بیٹی جنا عبدالمولی کو ہلاک کردیا جبکہ دیگر چار کو بھی ذبح کرنے کی کوشش کی۔
چاروں بچیاں ہسپتال میں موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ ان کی گردن پر زخم آئے ہیں۔
پبلک پراسیکیوشن کی ٹیم نے جرائم کے شواہد جمع کرکے تحقیقات شروع کردی۔
زخمی ہونے والی دو بچیوں نے بتایا کہ’ ان کے والد مبینہ طور پرنشہ کرتے ہیں اور اکثر والدہ سے جھگڑا کرتے‘۔
’اس دن چھری سے حملے کے بعد گھر کو آگ لگانے کی بھی کوشش کی ‘۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ’ملزم واردات کے بعد اپنے ایک دوست کے پاس چھپا ہوا تھا جسے حراست میں لیا گیا ہے‘۔
پوچھ کچھ کے دوران ملزم نے اعتراف جرم کرلیا اور کہا کہ’ اہلیہ سے جھگڑے کے بعد اس نے یہ قدم اٹھایا ہے‘۔
امارات کے اخبار دی نیشنل کے مطابق ملزم پولیس حکام کو بتایا کہ’ اس کی اہلیہ نے پانچ بیٹیاں پیدا کیں اور کوئی بیٹا نہیں دیا‘۔
ملزم ایک دوسرے جرم میں سزا پوری ہونے کے بعد جیل سے رہا ہوا تھا۔
پولیس نے جرم چھپانے میں مدد پر ملزم کے دوست کو بھی حراست میں لیا ہے۔
عبدالمولی کو پولیس نے پہلے بھی منشیات رکھنے اور استعمال کرنے پر گرفتار کیا تھا۔