Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈبلیو ڈبلیو ای کے ریسلر بَرے وائٹ 36 برس کی عمر میں چل بسے

بَرے وائٹ ڈبلیو ڈبلیو ای سے ایک سال تک ریلیز رہے جس کے بعد گزشتہ برس دوبارہ سے انہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای کو جوائن کر لیا۔ (فوٹو: روئٹرز)
ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کے سپرسٹار بَرے وائٹ جمعے کو 36 برس کی عمر میں چل بسے۔
امریکی میڈیا کے مطابق بَرے وائٹ کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی ہے۔
بَرے وائٹ کی موت کی تصدیق ڈبلیو ڈبلیو ای نے جمعے کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی۔
 
بَرے وائٹ کی اچانک موت پر ڈبلیو ڈبلیو ای کے چیف کونٹینٹ آفیسر اور سابق عالمی چیمپیئن ٹرپل ایچ نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’ابھی ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیمر مائیک روٹُنڈا کی جانب سے فون کال موصول ہوئی ہے جس میں انہوں نے ہمیں بتایا ہے کہ ہمارے ڈبلیو ڈبلیو ای کے فیملی ممبر وِندھم روٹُنڈا عرف بَرے وائٹ اچانک سے آج چل بسے۔ ہماری ہمدردیاں اُن کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔‘
 
سنہ 1987 میں امریکی ریاست فلوریڈا میں پیدا ہونے سابق چیمپیئن کا اصلی نام وِندھم لارنس روٹُنڈا تھا جبکہ بَرے وائٹ اُن کا رِنگ نیم یعنی ڈبلیو ڈبلیو ای میں بطور کردار نام تھا۔
 
ای ایس پی این کے مطابق بَرے وائٹ گزشتہ کچھ ماہ سے نامعلوم طبی مسائل کے باعث ریسلنگ نہیں کر رہے تھے۔
وہ 2009 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بنے تاہم انہیں 2021 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے ریلیز کر دیا تھا۔
وہ ڈبلیو ڈبلیو ای سے ایک سال تک ریلیز رہے جس کے بعد گزشتہ برس دوبارہ سے انہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای کو جوائن کر لیا۔
ڈبلیو ڈبلیو میں وہ ساتھی ریسلرز ایرک رووَن اور لیوک ہارپر کے ساتھ مشہور ’دی وائٹ فیملی‘ نامی تین رُکنی ٹیم کے سربراہ کے طور پر 2012 سے 2017 تک ریسلنگ کرتے رہے اور یہی ٹیم اُن کی شہرت کی بنیادی وجہ بنی۔
بَرے وائٹ ڈبلیو ڈبلیو ای میں تین مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بنے۔ انہوں نے ایک مرتبہ ڈبلیو ڈبلیو چیمپیئن شپ جبکہ دو مرتبہ یونیورسل چیمپیئن شپ بھی جیتی۔
انہوں نے 2018 اگست میں ریسلنگ سے وقفہ لیا اور پھر 2019 اپریل میں ڈبلیو ڈبلیو میں اپنے نئے کردار ’دی فِینڈ‘ کے ساتھ واپس آئے۔
بَرے وائٹ کے والد مائیک روٹُنڈا بھی ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیمر تھے جبکہ اُن کے دادا بلیک جیک مُلیگَن بھی پیشے کے لحاظ سے ریسلر تھے۔

شیئر: