Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف اکتوبر میں پاکستان واپس آئیں گے: شہباز شریف کا اعلان

سابق وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ ’مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف رواں برس اکتوبر میں پاکستان آئیں گے اور الیکشن مہم میں قیادت کریں گے،‘ تاہم انہوں نے اس حوالے سے کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔
جمعے کو لندن میں پارٹی کے مشاورتی اجلاس کے بعد نواز شریف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’پارٹی کی سینیئر قیادت سے مشاورت ہوئی ہے اور طے پایا ہے کہ نواز شریف اکتوبر میں پاکستان آئیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’شفاف احتساب وقت کی ضرورت ہے اور اس کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔‘
عدالتوں کا سامنا کرنے کے سوال پر شہباز شریف نے کہا کہ ’نواز شریف کا پانامہ کیس میں نام نہیں تھا ان کو بے بنیاد طور پر سازش کے ذریعے ملوث کیا اور جن دیگر افراد کا نام تھا ان کو کسی نے پوچھا بھی نہیں۔ اقامہ میں جو فیصلہ کیا گیا وہ بد نیتی پر مبنی تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف پاکستان آئیں گے اور قانون کا سامنا کریں گے، اس میں کوئی دو رائے نہیں ہیں۔‘
الیکشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’ہم نے آئین کے مطابق اسمبلیاں تحلیل کر دیں اور اس کے بعد الیکشن کمشنر کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے اور انہوں نے انتخابات کروانے ہیں۔‘

شیئر: