کویتی فیشن سٹار کو ریمانڈ پر دس روز کے لیے جیل بھیج دیا گیا
کویتی خاتون کی گاڑی تیز رفتاری کے باعث دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی تھی( فوٹو: الشرق الاوسط)
کویتی وزارت داخلہ کے ماتحت تعلقات عامہ کے ادارے نے کہا ہے کہ’ کویتی خاتون فیشن سٹار کو دس روز کے جسمانی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے‘۔
یاد رہے کہ کویت کی معروف خاتون فیشن سٹار کو ٹریفک حادثے میں دو افراد کی ہلاکت کے بعد حراست میں لیا گیا ہے۔
کویتی فیشن سٹار خاتون کی گاڑی تیز رفتاری کے باعث دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی تھی۔ حادثے میں دو موقع پر ہی ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے تھے۔
عکاظ اخبار کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ ’فیشن سٹار سے پوچھ گچھ کی گئی۔ پتہ چلا کہ فیشن سٹار اور کار میں موجود اس کا ساتھی دونوں نشے میں تھے‘۔
’گاڑی حد سے زیادہ رفتار سے چلائی جارہی تھی جبکہ ریڈ سگنل بھی توڑا تھا‘۔
کویتی فیشن سٹار پر قتل خطا اورغلطی سے زخمی کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ گاڑی کی انشورنس ختم ہوچکی تھی اس کی توسیع نہیں کرائی گئی تھی۔
کویتی وزارت داخلہ کا کہنا ہے’ حادثے میں ملوث گاڑی کی ڈرائیور اور اس کے ساتھی کو فوجداری شواہد جمع کرنے والے ادارے کی تحویل میں دیا گیا ہے‘۔
’ادارہ رپورٹ کے لیے ضروری کارروائی کے بعد اس کی رپورٹ متعلقہ ادارے کے حوالے کرے گا‘۔
محکمہ ٹریفک نے معائنے کے لیے گاڑیاں اپنی تحویل میں لی ہیں۔ ملزمان سے قانون کے مطابق پوچھ گچھ جاری ہے۔
فیشن سٹار کو دس روز کے لیے سینٹرل جیل بھیجا گیا ہے۔ کیس تیار کرکے متعلقہ عدالت میں بھیجا جائے گا۔
کویتی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ’ملک میں امن و امان اور قانون کی عمل داری کے سلسلے میں ادنی فروگزاشت سے کام نہیں لیا جائے گا‘۔