پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا، قیمتیں فی لیٹر 300 سے تجاوز
جمعرات 31 اگست 2023 22:07
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دوسری مرتبہ اضافہ کیا ہے (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان میں نگراں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا ہے۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 14 روپے 91 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 18 روپے 44 پیسے بڑھا دی گئی ہے۔
اس طرح پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت 300 روپے فی لیٹر سے زیادہ ہو گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات جاری کیے گئے نوٹی فیکیشن کے مطابق ’اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 290 روپے 45 پیسے سے بڑھ کر 305 روپے 36 پیسے ہو گئی ہے۔‘
اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 311 روپے 84 پیسے تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے قبل فی لیٹر ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 293 روپے 40 پیسے تھی۔
وزارت خزانہ کے مطابق ’بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور کرنسی کی قدر میں ردوبدل کی وجہ سے حکومت نے پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کیا ہے۔‘
نوٹی فیکیشن کے مطابق ’پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم ستمبر بروز جمعہ سے ہو گیا ہے۔‘
یاد رہے کہ نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی حکومت نے دوسری مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔
اس سے قبل 14 اور 15 اگست کی درمیانی رات فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 17 روپے 50 پیسے جب کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 20 روپے اضافہ کیا گیا تھا۔