Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا ایک بار پھر انڈیا پاکستان میچ بارش کی نذر ہو جائے گا؟

اگر ایشیا کپ کا فائنل میچ بھی بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو جاتا ہے تو ٹرافی دونوں ٹیموں کے درمیان تقسیم کی جائے گی۔ (فوٹو: گیٹی امیجز)
پاکستان اور سری لنکا میں جاری ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے جس کے بعد شائقینِ کرکٹ کو ایک مرتبہ پھر سے پاکستان اور انڈیا کے میچ کا بے صبری سے انتظار ہے۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان ایونٹ کے سپرفور مرحلے کا میچ 10 ستمبر کو کولمبو میں شیڈول ہے تاہم دونوں ٹیموں کے درمیان پچھلے میچ کی طرح ایک مرتبہ پھر سے اِس ہائی وولٹیج میچ میں بارش کی مداخلت کے قوی امکانات ہیں۔
اگر کولمبو کے موسم کی بات کی جائے تو جمعرات کو بھی وہاں بارش برس رہی ہے اور موسم کی خبروں کی ویب سائٹس کے مطابق یہ بارش اتوار کے روز بھی ہونے کی پیش گوئی ہے۔
موسم کی خبروں کی ویب سائٹ ’ایکیو ویدر‘ کے مطابق 10 ستمبر کو کولمبو میں سارا دن بارش  کی پیش گوئی ہے۔
10 ستمبر کو کولمبو میں دن کے وقت تین گھٹنے بارش متوقع ہے جبکہ رات کے وقت بارش چھ گھنٹوں تک ہو سکتی ہے۔
اس کے علاوہ 10 ستمبر کو دوپہر کے وقت بھی بارش کی پیش گوئی ہے۔
اس ساری صورتحال کے بعد اس بات کا اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے میچ کے حوالے سے دونوں ممالک کے عوام کو ایک مرتبہ پھر سے مایوسی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دو ستمبر کو پالیکیلے میں کھیلا گیا پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

صرف یہی میچ نہیں بلکہ کولمبو میں شیڈول سپرفور کے باقی میچ بھی بارش سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ 
اسی سلسلے میں اگر ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے کے باقی میچ بارش کے باعث بے نتیجہ رہتے ہیں تو اِس صورتحال میں پاکستان فائنل میں پہنچ جائے گا جبکہ سری لنکا اور اںڈیا کے درمیان فائنل میں جانے کا فیصلہ ٹاس پر ہوگا۔ 
اسی طرح اگر ایشیا کپ کا فائنل میچ بھی بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو جاتا ہے تو دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دیا جائے گا۔

شیئر: