Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دھوکہ دہی کے مقدمے پر ختم ہونے والی ’کورین خاتون اور پاکستانی نوجوان‘ کی داستان محبت

شادی کے بعد شوہر نے خاتون سے کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے خطیر رقم لی (فوٹو: پکسابے)
جونگ ہوجن ایک کورین خاتون ہیں۔ 17 سال قبل وہ ایک پاکستانی شہری حضرت جمیل عرف محمد ریجا سے ملیں جو بہتر روزگار کی تلاش میں کوریا گئے تھے۔
چند ملاقاتوں کے بعد ان کی دوستی ہو گئی جو جلد ہی محبت میں تبدیل ہو گئی۔
کچھ عرصے بعد دونوں نے شادی کے بندھن میں بندھنے کا فیصلہ کرلیا، تاہم حضرت جمیل نے شرط رکھی کہ یہ اسی صورت ممکن ہو سکتا ہے جب ہوجن اسلام قبول کریں۔
اپنی محبت پانے کی خاطر جونگ ہوجن نے حضرت جمیل کی شرط قبول کر لی اور اسلام کے دائرے میں داخل ہو گئیں۔ انہوں نے اپنا اسلامی نام زینب رکھا۔
9 اکتوبر 2007 کو ان کے مسلمان ہو جانے کے بعد جونگ ہوجن عرف زینب اور حضرت جمیل عرف محمد ریجا کی شادی ہو گئی۔
شادی سے پہلے جب ایک دوسرے کو جاننے کا مرحلہ تھا تو اس وقت حضرت جمیل نے جونگ ہوجن عرف زینب کو متعدد بار یقین دہانی کرواٸی کہ وہ غیر شادی شدہ ہیں اور رجسٹر ہونے والے نکاح میں بھی حضرت جمیل نے خود کو کنوارہ ظاہر کیا۔
جونگ ہوجن عرف زینب کے مطابق شادی کے بعد حضرت جمیل عرف محمد ریجا نے ان سے کوریا اور پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے خطیر رقم لی۔
مارچ 2019 میں جونگ ہوجن حضرت جمیل کے ساتھ اپنے سرمائے سے شروع کیے گئے کاروبار کا جائزہ لینے پاکستان آئیں تو انہیں معلوم ہوا کہ ان کے شوہر نے نہ صرف پہلے سے ایک شادی کر رکھی ہے بلکہ اس شادی سے ان کے چھ بچے بھی ہیں۔ یہ سن کر وہ سکتے میں آ گئیں۔
ان کے بقول انہوں نے اپنے شوہر سے اس بارے میں بات کی تو انہوں نے جونگ ہوجن کو یقین دلایا کہ جلد وہ اپنی پہلی بیوی کو طلاق دے دیں گے۔
اس یقین دہانی کے بعد حضرت جمیل نے ایک بار پھر ہوجن کو بہلا پھسلا کر کپڑے کا کاروبار شروع کرنے کے نام پر 80 ہزار ڈالر کی رقم مزید حاصل کر لی۔ لیکن انہوں نے جونگ ہوجن کے مسلسل اصرار کے باوجود اپنی پہلی بیوی کو طلاق نہیں دی۔

جونگ ہوجن نے اپنے شوہر اور ان کے دونوں بیٹوں پر اسلام آباد کے تھانہ سبزی منڈی میں دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کروا دیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

پہلی بیوی کو نہ چھوڑنے پر جب ان دونوں کے مابین اختلافات بڑھ گئے اور جونگ ہوجن نے حضرت جمیل سے اپنی دی گٸی رقم کا حساب مانگا تو انہوں نے کہا کہ اس رقم پر زیادہ منافع کمانے کے لیے دوبارہ سرمایہ کاری کر دی ہے، اور اسلام آباد کے سیکٹرH-13  اور G-14 میں تین پلاٹ اور ایک عدد ٹیوٹا کار خریدی ہے۔
بعد ازاں حضرت جمیل نے اس لین دین کے تمام دستاویزی ثبوت مٹا دیے۔ لیکن جونگ ہوجن کے مطابق ان کے پاس اس سب کا مکمل ریکارڈ موجود ہے۔
جونگ ہوجن عرف زینب نے بتایا کہ حضرت جمیل نے پہلے تو انہیں جھوٹ بول کر شادی کے جال میں پھنسایا اور پھر اس شادی کی آڑ میں ان سے رقم بٹورتا رہا۔ ان کے مطابق اس سب میں حضرت جمیل عرف محمد ریجا کے دو بیٹے مدثر جمیل اور ریحان جمیل بھی ملوث ہیں۔ 
بار بار مطالبہ کرنے کے باوجود معاملہ طے نہ پانے کے بعد جونگ ہوجن نے اپنے شوہر اور ان کے دونوں بیٹوں پر اسلام آباد کے تھانہ سبزی منڈی میں دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کروا دیا ہے، جس کے بعد حضرت جمیل کے خلاف قانونی کارروائی ہو رہی ہے۔ 

شیئر: