برطانیہ نے بحرِ اوقیانوس کی چٹان پر کنٹرول کیوں حاصل کیا؟
برطانیہ نے بحرِ اوقیانوس کی چٹان پر کنٹرول کیوں حاصل کیا؟
ہفتہ 30 ستمبر 2023 5:23
اپریل 1955 میں برطانوی بحریہ کو حرکت میں آنے کا حکم دیا گیا تاکہ جزیرے پر فوری قبضہ کیا جائے (فائل فوٹو: وِکی پیڈیا)
بیسویں صدی میں برطانیہ نے قومی سلامتی امور کے حوالے سے بحر اوقیانوس میں پھیلے چھوٹے جزیروں پر اپنا تسلط قائم کرنے کے لیے اہم اقدامات کرنا شروع کر دیے تھے۔
جن جزیروں پر برطانیہ نے اپنا کنٹرول حاصل کیا ان میں جزیرہ ’روکال‘ بھی شامل تھا جو سینٹ کلڈا کے سکاٹ جزیرہ نما کے مغرب میں 423 کلومیٹر دوری پر واقع تھا۔
یہ جزیرہ گرینائٹ کی ایک چٹان پر مشتمل تھا جس کا مجموعی رقبہ صرف 784 مربع میٹر تھا۔
سرد جنگ کے زمانے میں برطانیہ کو یہ خوف تھا کہ اس جزیرے پر سوویت یونین قابض نہ ہو جائے کیونکہ یہ جزیرہ سکاٹ ساحل سے قریب تھا۔
جزیرہ روکال کی دریافت:
جزیرہ روکال کا تذکرہ سولہویں صدی کی کئی دستاویزات میں پایا گیا، تاہم 1810 اور 1811 کے درمیان اس جزیرے پر پہلی بار انسانوں نے قدم رکھا۔
برطانوی بحریہ کے افسر باسل ہال چند ساتھیوں کے ہمراہ اس جزیرے پر آئے، بظاہر ان کا مشن جزیرے کی ریسرچ تھا۔
سنہ 1862 میں برطانوی بحریہ کا ایک اور گروپ اس جزیرے پر آیا جس کا مقصد اس کے بارے میں تحقیق کرنا اور اس کے پانی کا مطالعہ کرنا تھا تاکہ وہاں سے ٹیلی گراف کی کیبل گزاری جا سکے۔
برطانیہ کا تسلط:
جوہری وار ہیڈ سے لیس امریکی ’ایم جی ایم۔5‘ کارپورل گائیڈڈ میزائل کے ٹیسٹ کی تیاری کے حوالے سے برطانوی وزارت دفاع کی میز پر اس جزیرے کی فائل کھول دی گئی۔
وہ اس امر سے خائف تھے کہ یہ جزیرہ جو تاحال کسی ملک کی ملکیت میں نہیں اگر اس پر روس نے قبضہ کرلیا تو وہ اسے باآسانی برطانیہ کے خلاف جاسوسی کی غرض سے استعمال کر سکتا ہے۔
انہیں اس بات کا خوف تھا کہ جس میزائل کا تجربہ کیا جانا ہے اسے شمالی بحر اوقیانوس کے اوپر سے گزارنے کے لیے سکاٹ لینڈ کے جنوبی جزیرے سے لانچ کیا جانا تھا۔
برطانیہ کو یہ خدشہ تھا کہ اگر سوویت یونین ان جزیروں پر قابض ہو جاتا ہے تو وہ انہیں جاسوسی کی غرض سے استعمال کرنے کے لیے یہاں عسکری اڈا قائم کر سکتا ہے۔
اسی خوف کے تحت اپریل 1955 میں برطانیہ کی جانب سے فوری طور پر بحریہ کو حرکت میں آنے کا حکم دیا گیا تاکہ جزیرے پر قبضہ کیا جائے۔
18 ستمبر 1955 کو رائل نیوی کے جہاز سے ایک ہیلی کاپٹر بلند ہوا جو مذکورہ جزیرے پر اُترا۔
ہیلی کاپٹر سے برطانوی بحریہ کے اعلٰی افسران اُترے جنہوں نے جزیرے کی چوٹی پر برطانوی جھنڈا لہرا کر اسے بظاہر اپنے کنٹرول میں کر لیا۔
جزیرے پر برطانوی جھنڈا لہرانے کے محض تین دن بعد ہی یعنی 21 ستمبر 1955 کو سرکاری طور پر جاری کیے گئے اعلان میں بتایا گیا کہ اب یہ جزیرہ سلطنتِ برطانیہ میں شامل ہو گیا ہے۔
ستر کی دہائی میں برطانیہ کی جانب سے اس چھوٹے سے جزیرے کو ترقی دینے کا اعلان کیا گیا جو انسانی آبادی سے مکمل طور پر خالی تھا۔