پی سی بی کی عمران خان کو 71 ویں سالگرہ پر مبارکباد، ’شُکر ہے خیال آ گیا‘
جمعرات 5 اکتوبر 2023 9:37
پی سی بی کی جانب سے کی جانے والی ٹویٹ میں عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سابق وزیراعظم اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کو ان کی سالگرہ کی مبارک باد دی گئی ہے۔
پی سی بی کے ٹوئٹر (ایکس) اکاؤنٹ پر جمعرات کی صبح مبارک باد کے پیغام میں ان کے اہم کارناموں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
پوسٹ کے مطابق ’88 ٹیسٹ میچز میں تین ہزار آٹھ سو سات رنز اور تین سو 62 وکٹیں۔ 175 ایک روزہ میچز میں تین ہزار سات سو نو رنز اور 182 وکٹیں۔‘
پیغام میں 1992 کے ورلڈ کپ کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے۔
’ورلڈ کپ جینے والی ٹیم کے کپتان، پی سی بی کے ہال آف فیم کے رکن عمران خان کو سالگرہ کی بہت بہت مبارک باد۔‘
عمران خان پانچ اکتوبر 1952 کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے اور آج ان کی 71 ویں سالگرہ ہے۔
انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز 1969 میں کیا اور 1992 کے ورلڈ کپ تک کرکٹ کھیلی، اس دوران وہ کئی برس ٹیم کے کپتان بھی رہے۔
عمران خان نے سنہ 1994 میں سیاست میں قدم رکھا اور 2018 میں وزیراعظم بنے جبکہ آج کل وہ اڈیالہ جیل میں ہیں۔
پی سی بی کی ٹویٹ کے نیچے صارفین عمران خان کے لیے نیک جذبات کا اظہار کر رہے ہیں تاہم 14 اگست کو ملک کے 76 ویں یوم آزادی پر عمران خان کو نظرانداز کرنے پر کرکٹ بورڈ کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس وقت سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی تھی جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے تاریخی لمحات اور کامیابیوں کو جھلکیوں کی صورت میں پیش کیا گیا، اس میں 1992 کے ورلڈ کپ سمیت 2009 کے ٹی20 ورلڈ کپ، 2017 کی چیمپیئنز ٹرافی اور سنہ 2000 اور 2012 کے ایشیا کپ کی جھلکیاں دکھانے کے ساتھ ساتھ ٹیم کی دیگر بڑی فتوحات کو بھی دکھایا گیا، تاہم اس میں عمران خان دکھائی نہیں دیے تھے۔
اس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید دیکھنے میں آئی جس کے اگلے روز ویڈیو میں عمران خان کو شامل کر لیا گیا تھا۔
پی سی بی کی نئی پوسٹ کے نیچے جہاں نیٹ صارفین عمران خان کو مبارک باد دے رہے ہیں وہیں طنز بھی کر رہے ہیں۔
فضل عباس نے لکھا کہ ’اب پی سی بی عمران خان کو نہیں بھولے گا۔‘
محمد عمران عباسی کا کہنا تھا کہ ’ شکر ہے آج پی سی بی پھر سے عمران خان کی تصویر لگانا نہیں بھول گیا۔‘
ایک اور صارف نے پی سی بی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’شکر ہے خیال آ گیا آپ لوگوں کو۔‘