Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکا کی ’طاقت اور کمزوری‘ کو اندر سے جانتا ہوں: مکی آرتھر

مکی آرتھر سری لنکن ٹیم کے بھی کوچ رہ چکے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ وہ سری لنکا کی ’طاقت اور کمزوری‘ کو اندر سے جانتے ہیں۔ وہ سری لنکن ٹیم کے بھی کوچ رہ چکے ہیں۔
انڈیا میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ کے آٹھویں میچ میں منگل کو پاکستان اور سری لنکا کا حیدرآباد میں ٹاکرا ہوگا۔
مکی آرتھر نے فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہاں، میں ان کی خوبیوں اور کمزوریوں کو جانتا ہوں اس لیے ہم اسی لحاظ سے منصوبہ بندی کریں گے۔ وہ (سری لنکا) ایک خطرناک ٹیم ہے لہذا ہمیں ان کو شکست دینے کے لیے اپنی پوری کوشش کرنی ہوگی۔‘
پاکستان نے جمعہ کو حیدرآباد میں نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ مہم کا آغاز کیا۔
پاکستانی ٹیم نے ٹاپ آرڈر کی ناکامی پر قابو پایا اور سعود شکیل اور محمد رضوان کی نصف سینچریوں کی مدد سے نیدرلینڈز کو 286 رنز کا ہدف دیا۔ اس کے بعد نیدرلینڈز کو 41 اوورز میں 205 رنز پر آؤٹ کر دیا۔
آرتھر نے اعتراف کیا کہ ’میں نے پہلی جیت کا لطف اٹھایا حالانکہ یہ کوئی اچھی کارکردگی نہیں تھی۔ لیکن ہم نے جیتنے کے لیے کافی کوشش کی۔‘
پاکستان کے منگل کے میچ کے لیے اسی بیٹنگ لائن اپ کو برقرار رکھنے کا امکان ہے، جس میں آؤٹ آف فارم اوپنر فخر زمان کو لائف لائن دی جائے گی جنہوں نے ہالینڈ کے خلاف صرف 12 رنز بنائے تھے۔
ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سینچری بنانے والے واحد پاکستانی بلے باز فخر زمان کے بارے میں مکی آرتھر نے کہا کہ ’میں ان کی کارکردگی سے پریشان نہیں ہوں، وہ ایک اچھا کھلاڑی ہے اور بڑے سکور سے صرف ایک اننگز دور ہے۔‘
نئی دہلی میں سنیچر کو اپنے افتتاحی میچ میں جنوبی افریقہ نے ریکارڈ 428 رنز بنائے اور سری لنکا کو 102 رنز سے شکست دی۔

افتتاحی میچ میں جنوبی افریقہ نے ریکارڈ 428 رنز بنائے اور سری لنکا کو 102 رنز سے شکست دی (فوٹو: اے ایف پی)

سری لنکا کو اعتماد حاصل ہے کہ اس نے گذشتہ ماہ پاکستان کو دو وکٹوں سے ہرا کر کولمبو میں ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
کپتان داسن شناکا نے تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم تین فرنٹ لائن بولروں کے نہ کھیلنے کی وجہ سے متاثر ہوئی ہے۔ دشمنتھا چمیرا اور وینندو ہسرنگا چوٹ کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے مکمل طور پر باہر ہو گئے تھے، جبکہ مہیش تھیکشنا سکواڈ میں تو موجود ہیں، لیکن ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہو گئے تھے۔
جنوبی افریقہ سے میچ کے بعد شاناکا نے کہا تھا کہ ’تین اہم بولروں کے بغیر چیزوں کو سنبھالنا مشکل تھا، لیکن یہ کھیل کا حصہ ہے۔ میں اس مثبت ارادے سے خوش ہوں جو ہم نے بلے سے دکھایا اور بولنگ میں پہلے دس اوور بھی اچھے تھے۔‘

شیئر: