سعودی شوری کے سربراہ کی جی 20 پارلیمینٹری سپیکرز سمٹ میں شرکت
جمعہ 13 اکتوبر 2023 18:12
انڈین سپیکر نے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی وفود کا خیر مقدم کیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی مجلس شوری کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ جمعے کو نئی دہلی میں شروع ہونے ولالی جی 20 پارلیمینٹری سپیکرز سمٹ میں سعودی وفد کی سربراہی کررہے ہیں۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق نویں پارلیمینٹری سپیکرز سمٹ انٹرنیشنل پارلیمانی آرگنائزیشن کے تعاون سے ہورہی ہے۔ اس کا سلوگن ’ایک سرزمین، ایک خاندان اور ایک مستقبل رکھنے والے ممالک کی پارلیمان‘ ہے۔
سمٹ میں انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی، انٹرنیشنل پارلیمانی آرگنائزیشن کے سربراہ، رکن اور مہمان ممالک کے سپیکرز شریک ہیں۔
انڈین سپیکر نے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جی 20 میں شامل ممالک کے پارلیمانی وفود کا خیر مقدم کیا۔
ان کا کہنا تھا ’ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول اور کرہ ارض کے تحفظ کے حوالے سے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ ہر پارلیمنٹ کو جی 20 سربراہ کانفرنس کے اعلامیے کے اہداف کی پابندی کرنا ہوگی‘۔
انٹرنیشنل پارلیمانی آرگنائزیشن کے سربراہ نے کہا کہ’ قومی اسمبلیوں سے وابستہ کردار اہم ہے۔ اس کے تحت ممبران پارلیمنٹ حکومتوں کے مشترکہ اہداف اور قومی مفادات کے حصول کی کوشش کرتے ہیں‘۔
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے شرکا کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’خوشی کی بات یہ ہے کہ پہلی مرتبہ افریقی پارلیمنٹ کی نمائندگی ہورہی ہے‘۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ’ کانفرنس ایسے نتیجہ خیز فیصلے کرے گی جو عوام کی امنگوں کو پورا اترنے کے ساتھ پائیدار ترقی کے حصول میں معاون بنیں گے‘۔
انڈین وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’پارلیمنٹ ہی جمہوریت کی بنیاد اور عوام کی آواز ہوتی ہے۔ ماحولیات اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے امن کی حیثیت بنیادی عنصر کی ہے‘۔
سعودی مجلس شوری کے صدر شیخ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ’سعودی عرب بین الاقوامی رہنمائی اور اپنی سیاسی و اقتصادی حیثیت کے پیش نظر ہر اجلاس میں شرکت ضروری سمجھتا ہے‘۔
سعودی وفد نے افتتاحی اجلاس کے بعد مباحثوں میں حصہ لیا جن میں پائیدار توانائی کی تبدیلی، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں تیزی ، خواتین کی قیادت میں ترقیاتی عمل اور ڈیجیٹل پورٹلز کے توسط سے اقوام عالم کی زندگی میں تبدیلی جیسے موضوعات شامل تھے۔
سعودی وفد میں معاون صدر شوری ڈاکٹر حنان الاحمدی اور ارکان شوری میں سے ڈاکٹر عبدالعزیز المھنا، ڈاکٹر خالد المحسن، ڈاکٹر ریما الیحیی، اسامہ الخیاری اور ڈاکٹر ھیفا الشمری شامل ہیں۔