Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

75 روپے کا نوٹ سبز اور نیلے دونوں رنگوں میں ’لین دین کے قابل‘

سٹیٹ بینک کے مطابق 75 روپے کا نوٹ سبز اور نیلے دونوں رنگوں میں قانونی طور پر لین دین کے قابل ہے۔ (فوٹو: سٹیٹ بینک ٹوئٹر)
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے 75 روپے کے نئے کرنسی نوٹ کے بارے میں ایک نئی وضاحت جاری کر دی ہے۔
سٹیٹ بینک نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے حالیہ بیان میں اس بات کی وضاحت کی ہے کہ 75 روپے کا نوٹ سبز اور نیلے دونوں رنگوں میں قانونی طور پر لین دین کے قابل ہے۔
سٹیٹ بینک نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’سٹیٹ بینک آف پاکستان اس بات کی وضاحت کرنا چاہتا ہے کہ 75 روپے کا نوٹ سبز اور نیلے دونوں رنگوں میں لیگل ٹینڈر کے مطابق ہے اور اسے پاکستان بھر میں ہر طرح کے لین دین کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔‘
اسی طرح سٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ ’یہ بینک نوٹ ہر قسم کے لین دین کے لیے قانونی طور پر استعمال کے قابل ہے چاہے اسے نجی یا سرکاری فرائض کے لیے استعمال کیا جائے۔ اسی طرح سٹیٹ بینک اور تمام کمرشل بینک عوام کو یہ نوٹ دینے یا اُن سے لینے کے مجاز ہیں۔‘
 
خیال رہے پاکستان کی حکومت نے گزشتہ برس ملک کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر 75 روپے کا نوٹ جاری کیا تھا۔
اس نوٹ پر پاکستان کے بانی محمد علی جناح، اُن کی بہن فاطمہ جناح ، پاکستان کے قومی شاعر علامہ اقبال اور تحریک آزادی کے سیاسی رہنما سر سید احمد خان کی تصاویر بنی ہوئی ہیں۔
سٹیٹ بینک نے گزشتہ برس جب یہ نوٹ جاری کیا تھا تو اُس کا رنگ سبز تھا تاہم رواں برس چار جولائی کو سٹیٹ بینک کے 75 ویں یوم تاسیس کے موقع پر 75 روپے کا نوٹ نیلے رنگ میں جاری کیا گیا تھا۔
 

شیئر: