اسرائیل پر حملہ: ناکامی کا ذمہ دار میں ہوں، سربراہ اسرائیلی سکیورٹی ایجنسی
منگل 17 اکتوبر 2023 12:57
شن بیت کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ ادارے کے سربراہ کے طور پر ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے۔ فوٹو: عرب نیوز
اسرائیل کی سکیورٹی ایجنسی شن بیت کے ڈائریکٹر نے حماس کے ملکی حدود میں داخلے کی بروقت خبر نہ ہونے پر ناکامی کا ذمہ دار خود کو ٹھہرایا ہے۔
عرب نیوز نے اردن نیوز ایجسنی کے حوالے سے کہا ہے کہ شن بیت کے ڈائریکٹر رونن بار نے ادارے کے دیگر ارکان کو پیغام میں کہا کہ ’ادارے کے سربراہ کے طور پر اس کی ذمہ داری مجھ پر عائد ہوتی ہے۔ تحقیقات کا وقت آئے گا۔ ابھی تو ہم جنگ لڑ رہے ہیں۔‘
7 اکتوبر کو حماس کی جانب سے آپریشن الاقصیٰ فلڈ کے آغاز کے بعد سے لڑائی جاری ہے۔
حماس نے اسرائیل پر زمینی، بحری اور فضائی حملے کیے تھے جبکہ متعدد راکٹ بھی برسائے۔
اپنے پیغام میں رونن بار نے کہا کہ ’ہم نے کئی اقدامات کیے لیکن بدقسمتی سے ان کے باوجود سنیچر کو ہم انتباہ جاری کرنے میں ناکام رہے جس سے حملے کو ناکام بنایا جا سکتا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں، یہ لڑائی کا کوئی ایک دور نہیں ہے۔ ایک دور تو آپ فتح کی تصویر اور خاموشی کے ساتھ جیت سکتے ہیں لیکن جنگ فیصلہ کن فتح اور صورتحال کی تبدیلی کے ساتھ اختتام پذیر ہوتی ہے۔‘
حماس کے حملے کے بعد سے ان دس دنوں میں اسرائیلی بمباری اور غزہ پٹی کا محاصرہ جاری ہے جبکہ دس لاکھ سے زائد افراد بےگھر ہو چکے ہیں اور کم از کم دو ہزار 808 فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں جن میں 750 بچے شامل ہیں۔
اس لڑائی میں ایک ہزار 400 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔