جی سی سی وزرائے داخلہ نے مشترکہ سیاحتی ویزے کی منظوری دے دی
ٹریفک خلاف ورزیوں کے آن لائن سسٹم کے حوالے سے گرین سگنل بھی دیا گیا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) میں شامل ممالک کے وزرائے داخلہ نے بدھ کو مسقط میں اجلاس کے دوران مشترکہ سیاحتی ویزے کی منظوری دی ہے۔
الاقتصادیہ کے مطابق جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم البدیوی نے کہا کہ مشترکہ خلیجی سیاحتی ویزا جی سی سی کا نیا انیشیٹوہے۔
خلیجی وزرائے داخلہ کا اجلاس بدھ کو مسقط میں عمانی وزیر داخلہ کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں سعودی عرب کی نمائندگی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے کی۔
اجلاس میں ٹریفک خلاف ورزیوں کے آن لائن سسٹم پر لانے کے حوالے سے گرین سگنل دیا گیا۔
خلیجی ممالک پہلے مرحلے میں ٹریفک خلاف ورزیوں کا ریکارڈ آن لائن شروع کریں گے۔
اجلاس کے دوران اہم سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ منشیات کے انسداد کے لیے جامع خلیجی حکمت عملی کی تیاری اور سیکیورٹی آگہی مہم کے موضوعات سرفہرست رہے۔
واضح رہے کہ مشترکہ ویزے پر تمام خلیجی ملکوں کا دورہ کیا جاسکے گا۔ اس سے دنیا بھر کے سیاح زیادہ سے زیادہ تعداد میں خلیجی ممالک کی سیاحت کرسکیں گے۔
جی سی سی کے رکن ممالک میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، عمان اور قطر شامل ہیں۔