Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نایاب مچھلی کا شکار، کراچی کا مچھیرا راتوں رات کروڑ پتی بن گیا

حاجی بلوچ کا کہنا ہے کہ وہ مچھلیوں سے حاصل ہونے والی رقم کو اپنے گروپ کے سات افراد میں تقسیم کریں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں ایک مچھیرے کی قسمت ایسی جاگی کے مچھلی کے ایک غول نے اُسے راتوں رات کروڑ پتی بنا دیا ہے۔
پاکستان کے مقامی میڈیا کے مطابق اس خوش قسمت مچھیرے کا نام حاجی بلوچ ہے جس کا تعلق ابراہیم حیدری سے ہے۔
حاجی بلوچ اور اُس کے ساتھیوں نے پیر کو سمندر سے ’سووا مچھلی‘ کو پکڑا جس کی قیمت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
پاکستان فشرمین فوک فورم  کے نمائندے مبارک خان نے اس سلسلے میں بتایا کہ جمعے کو اس مچھلے کی بولی لگائی گئی جس کے بعد اس مچھلی کا پورا غول 7 کروڑ پاکستانی روپوں میں فروخت ہوا۔
سووا مچھلی کو ادویات کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور اس کے پیٹ میں موجود معدنیات نہایت نایاب تصور کیے جاتے ہیں۔
ان خصوصیات کے باعث یہ نایاب مچھلی بہت مہنگے داموں فروخت ہوتی ہے۔
اس بارے میں کروڑ پتی بننے والے حاجی بلوچ کہتے ہیں کہ ’بولی میں ایک مچھلی کی قیمت 70 لاکھ روپے تک لگی ہے۔‘
سووا مچھلی کا وزن کم از کم 20 کلو سے 40 کلو کے درمیان ہوتا ہے اور یہ لمبائی میں 1.5 میٹر تک کی ہوتی ہے۔
اس مچھلی کو ثقافتی اور روایتی اہمیت حاصل ہے جس کے بعد اسے ادویات میں استعمال کیا جاتا ہے جبکہ اس سے مقامی کھانے بھی بنائے جاتے ہیں۔
حاجی بلوچ نے مزید کہا کہ ’ہم کراچی کے کھلے سمندر میں ماہی گیری کر رہے تھے۔ ہم نے دوران ماہی گیری سووا مچھلی کے بڑے غول کو دیکھا اور پھر ہماری قسمت کھل گئی۔‘
حاجی بلوچ کا کہنا ہے کہ وہ مچھلیوں سے حاصل ہونے والی رقم کو اپنے گروپ کے سات افراد میں تقسیم کریں گے۔

شیئر: