Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انتظار کی گھڑیاں ختم، مشہور ویڈیو گیم ’جی ٹی اے 6‘ کا ٹریلر ریلیز ہونے کو تیار

لِیک فوٹیج کے مطابق گیم میں کچھ نئے فیچرز بھی دیکھنے کو ملیں گے (فوٹو: راک سٹار گیمز)
گیمنگ کے شوقین افراد کے لیے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ مشہور زمانہ برینڈ ’راک سٹار گیمز‘ کی نئی ویڈیو گیم ’جی ٹی اے 6‘ کا ٹریلر ریلیز ہونے کے لیے تیار ہے۔
یکم دسمبر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر راک سٹار گیمز نے اپنی ٹویٹ میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ جی ٹی اے 6 کا ٹریلر پانچ دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔
’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ یعنی جی ٹی اے 6 کا ٹریلر پانچ دسمبر کو پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے ریلیز کیا جائے گا۔
ویب سائٹ ’مارکا ڈاٹ کام‘ کے مطابق راک سٹار گیمز کی جانب سے ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی کہ جی ٹی اے 6 کب ریلیز ہوگی تاہم غیر حتمی اطلاعات کے مطابق اس گیم کے 2024 یا 2025 میں ریلیز ہونے کے امکانات ہیں۔
دوسری جانب ویڈیو گیم کے ٹریلر سے پہلے لِیک ہونے والی فوٹیجز سے یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ جی ٹی اے 6 بھی راک سٹارز کی پچھلی جی ٹی اے گیمز کی طرح روایتی گیم ہوگی جس میں کھلاڑی گاڑی چلانے کے ساتھ ساتھ گولیاں مار سکیں گے اور بڑے شہر میں گھوم سکیں گے۔
لِیک فوٹیج کے مطابق گیم میں کچھ نئے فیچرز بھی دیکھنے کو ملیں گے جن میں پلیئر اس مرتبہ پانی میں تیراکی کر پائے گا اور گریپلنگ ہُک یعنی تیز دھار آلے کا استعمال بھی کر پائے گا۔


اس سے قبل آخری مرتبہ راک سٹار نے 2013 میں اپنی گیم جی ٹی اے آٹو فائیو ریلیز کی تھی (فوٹو: راک سٹار)

اس گیم کی لوکیشن اس مرتبہ بھی فرضی شہر ’وائس سٹی‘ میں ہوگی جو کے امریکی شہر میامی کی تھیم پر بنایا جاتا ہے۔
خیال رہے جی ٹی اے 6 میں اس مرتبہ دو ہیرو یعنی پلیئر ہوں گے جس میں ایک کردار جیسن کا ہوگا اور دوسرا کردار لُوسیا کا ہوگا۔
یاد رہے اس سے قبل آخری مرتبہ راک سٹار نے 2013 میں اپنی گیم جی ٹی اے آٹو فائیو ریلیز کی تھی۔

شیئر: