بیجنگ منگل کو سعودی، چینی سرمایہ کاری کانفرنس کی میزبانی کرے گا
اتوار 10 دسمبر 2023 20:13
سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح چین اور ہانگ کانگ کے دورے پر ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی چینی سرمایہ کاری کانفرنس منگل کو بیجنگ میں ہو گی۔ اس کا اہتمام سعودی وزارت سرمایہ کاری چینی ایوان تجارت کے تعاون سے کر رہی ہے۔
خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح چین اور ہانگ کانگ کے دورے پر ہیں۔
چینی سعودی سرمایہ کار کی کانفرنس سعودی وژن 2030 کے سائبان تلے اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی شعبے میں دونوں ملکوں کے درمیان اسٹراٹیجک شراکت کو نیا رخ دے گی۔
کانفرنس میں 700 سے زیادہ وزرا، اعلیٰ سرکاری عہدیدار، سرمایہ کار اور کمپنیوں کے سربراہ شریک ہوں گے۔
خالد الفالح نے ہانگ کانگ میں انویسٹمنٹ فیوچر انیشیٹیو سربراہ کانفرنس کے تحت ایک سیمینار میں شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کا علاقہ جنوبی ایشیا کے ملکوں کی خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
خالدالفالح ہانگ نے کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں اورسرمایہ کاروں کے ساتھ اقتصادی و سرمایہ کاری شراکت کے استحکام کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے سعودی عرب اور چین کے سفارتی تعلقات 30 برس سے زیادہ عرصے پر محیط ہیں۔ چین سعودی عرب کا سب سے بڑا کاروباری پارٹنر ہے۔
حالیہ برسوں کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔