سعودی وزارت حج و عمرہ کے زیراہتمام چار روزہ حج ایکسپو میں حج پروگرام کے تعاون سے 200 سے زائد مندوبین، مفکرین، محققین اور کاروباری افراد کو آئندہ چیلنجوں سے نمٹنے اور مستقبل میں حج و عمرہ کی خدمات کا اندازہ لگانے کے لیے ایک ہی چھت تلے اکٹھا کیا گیا ہے۔
ایکسپو میں مملکت کے اندر اور باہر سرکاری اور نجی شعبوں کے 81 سے زائد مقررین، اعلیٰ سطحی وفود، اسلامی امور کے وزراء، مختلف ممالک کے حج مشنوں کے سربراہان اور 70 سے زائد ممالک کے اعلیٰ عہدیداران، اہم شخصیات اور سفیر شرکت کر رہے ہیں۔
حج و عمرہ کی وزارت نے وژن 2030 کے تحت عازمین کرام کے لیے اس سال حج سے متعلق خدمات انجام دینے والے اہم افراد سے تعاون کرتے ہوئے اعلیٰ خدمات کے معیار اور پائیدار طریقے اپنانے کا عہد کیا ہے۔
منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حج و عمرہ کے وزیر توفیق الربیعہ نے کہا کہ یہ کانفرنس حجاج کی خدمات بڑھانے کے لیے کاروباری شعبے کو کافی مواقع فراہم کرے گی۔
وزیر نے سعودی حکومت کی جانب سے عالمی سطح پر زائرین کی خدمات کو بہتر بنانے کے عزم پر زور دیا جس کا مقصد عبادات کو آسان بنانا اور خدمات کا معیار بلند کرنا ہے۔
اس موقع پر وزیر حج سینئر حکام کے ساتھ وزارتی ڈائیلاگ سیشن میں شرکت کریں گے تاکہ ججاج کے لیے خدمات بڑھانے میں مملکت کی کوششوں کو واضح کیا جا سکے۔
وزیر نے بتایا کہ تمام اسلامی ممالک کے ساتھ حج خدمات کے لیے 60 سے زائد معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے، جن میں عازمین کی تعداد، داخلی راستوں اور بندرگاہوں کے لیے منصوبوں کے علاوہ صحت اور دیگر خدمات اور ضروریات شامل ہوں گی۔
تیسری حج ایکسپو میں 30 ورکشاپس کے علاوہ مباحثوں کے 13 سیشن، 10 اہم سیشنز اور مختلف قسم کے اضافی پروگرام اور سرگرمیاں شامل ہیں۔
حج ایکسپو میں شریک عراقی اتھارٹی برائے حج و عمرہ کے کمیونیکیشن مینجر محمد فاروق نے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں اپنی خدمات کے اظہار کے لیے تقریب کا حصہ بننے کا موقع فراہم کیا گیا۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں