Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کے صدر کی گجرات گلوبل سمٹ میں شرکت

اماراتی صدر نے کانفرنس کی کامیابی اور سب کی ترقی کی خواہش کا اظہار کیا (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے بدھ کو گجرات گلوبل سمٹ میں شرکت کی ہے۔
امارات کے صدر انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی دعوت پر احمد آباد کے دورے پر ہیں۔ 
 امارات کے سرکاری خبررساں ادارے وام کے مطابق  گجرات گلوبل سمٹ میں دنیا کے مختلف ممالک کے قائدین، عہدیدار اور فیصلہ ساز شخصیات شریک ہوئیں۔ سرمایہ کار بھی مدعو تھے۔ 
اماراتی صدر نے اپنے خطاب میں  کہا کہ ’گجرات گلوبل سمٹ  اب سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے حوالے سے معلومات و تجربات کے تبادلے کا بین الاقوامی پلیٹ فارم بن گئی ہے۔‘
شیخ محمد بن زاید نے کہا ’ کانفرنس ہمیں اپنے عوام کو خوشیاں دینے اور اپنے ممالک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے حوالے  سے موضوعات پر تبادلہ خیال کا موقع دے رہی ہے۔‘ 
اماراتی صدر نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ’کانفرنس کامیاب ہو اور سب کی ترقی، خوشحالی اور باہمی تعاون کے حوالے  سے مفید نتائج کی حامل ہو۔‘ 
شیخ محمد بن زاید نے ایکس اکاونٹ پر لکھا’ آج دنیا بھر کے رہنماوں اور عہدیداروں کے ساتھ انڈیا میں وائبرنٹ گجرات گلوبل سمٹ میں شرکت کی۔‘
’امارات اقتصادی ترقی کے فروغ  کےلیے تعاون کے پلوں کی تعمیر، عالمی چیلنجوں سے نمٹنے اور سب کے لیے استحکام اور خوشحالی میں مدد کےلیے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کی طاقت پر پختہ یقین رکھتا ہے۔‘
 علاوہ ازیں شیخ محمد بن زاید اور وزیر اعظم نریندرمودی کی موجودگی میں مفاہمت کی متعدد یادداشتوں (ایم اویوز) کا تبادلہ کیا گیاجس کا مقصد مختلف دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔
ان میں فوڈ کمپلیکس کی تعمیر، قابل تجدید توانائی، صحت کی جدید خدمات میں سرمایہ کاری میں تعاون، پائیدار، ماحول دوست اور موثر بندرگاہوں کے قیام کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشتیں شامل ہیں۔

شیئر: