Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسرا ٹی20: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 21 رنز سے شکست دے دی

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 21 رنز سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے 195 رنز کے ہدف کے جواب میں پوری پاکستانی ٹیم 19.3 اوورز میں 173 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی طرف سے بابر اعظم 66 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ فخر زمان نے 50 اور شاہین شاہ آفریدی نے 22 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ایڈم ملن نے چار وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جبکہ بین سیئرز اور اِش سودھی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کو پہلا نقصان نوجوان بیٹر صائم ایوب کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ ٹم ساؤتھی کو چھکا مارنے کی کوشش میں ایک رن پر آؤٹ ہو گئے۔
گرین شرٹس کو دوسرا جھٹکا دوسرے اوور کی تیسری گیند پر لگا جب محمد رضوان 7 رنز بنا کر ایڈم ملن کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔
دو وکٹیں گرنے کے باوجود فخر زمان اور بابر اعظم نے کیوی بولرز پر دھاوا بولنا شروع کیا اور دونوں بیٹرز کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 49 گیندوں پر 87 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔
فخر زمان نے اپنی دھواں دھار اننگز میں پانچ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے نصف سینچری سکور کی جبکہ اُن کا ساتھ دوسری طرف بابر اعظم نے بھی خوب نبھایا۔
دونوں بیٹرز کی شاندار بیٹنگ کے باعث جب میچ نیوزی لینڈ کے ہاتھ سے نکلتا ہوا دکھائی دیا تو 50 رنز پر ایڈم ملن کی گیند پر فخر زمان بولڈ ہو گئے۔
 

نیوزی لینڈ کی جانب سے ایڈم ملن نے چار وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا (فوٹو: اے ایف پی)

نیوزی لینڈ کو چوتھی کامیابی بھی جلد ہی مل گئی جب افتخار احمد 4 رنز پر بین سیئرز کی گیند پر اونچی شاٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوگئے جبکہ پاکستانی کی پانچویں وکٹ 108 رنز پر گر گئی جب اعظم خان اِش سوڈھی کا شکار بن گئے۔
نیوزی لینڈ کو چھٹی کامیابی عامر جمال کی وکٹ کی صورت میں ملی جب وہ 9 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوگئے۔
ساتویں وکٹ کے لیے بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی نے 28 رنز شراکت قائم کی جس کی بدولت گرین شرٹس کے مداحوں کی امید دوبارہ سے زندہ ہوئی لیکن بابر اعظم 66 رنز بنا کر بین سیئرز کی گیند پر ٹم ساؤتھی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی بیٹنگ ٹیل ریت کی دیوار ثابت ہوئی جس کے نتیجے میں شاہین شاہ آفریدی 22، اسامہ میر 0 اور عباس آفریدی 7 بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
 

پاکستان کی طرف سے بابر اعظم 43 گیندوں پر 66 رنز بنا کر نمایاں رہے (فوٹو: اے ایف پی)

اتوار کو ہیملٹن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے فِن ایلن نے 74، کین ولیمسن نے 26 اور مچل سینٹنر نے 25 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین، عباس آفریدی نے دو جبکہ عامر جمال نے ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا گیا اور کیوی اوپنرز نے پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔
کیوی اوپنرز کے درمیان پہلی وکٹ کے لیے 59 رنز کی شراکت دیکھنے کو ملی جس کے بعد ڈیوون کونوے 20 کے انفرادی سکور پر عامر جمال کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
 

نیوزی لینڈ کو پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اس کے بعد دوسری وکٹ کے لیے کین ولیمسن اور فِن ایلن کے درمیان 29 گیندوں پر 52 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد کین ولیمسن 26 کے انفرادی سکور پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے جس کے بعد ڈیرل مِچل بیٹنگ کرنے آئے۔
کین ولیمسن کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے بعد بھی کیوی بیٹرز نے لاٹھی چارج جاری رکھا اور پاکستانی بولرز بے بسی کی علامت بنے رہے تاہم 13ویں اوور میں گرین شرٹس کو اسامہ میر کی گیند پر دوسری کامیابی ملی جب فِن ایلن 74 رنز پر بولڈ ہوگئے۔
دوسری وکٹ ملنے کے بعد پاکستانی ٹیم کو تیسری کامیابی بھی جلد ہی مل گئی جب 14ویں اوور کی آخری گیند پر ڈیرل مچل 17 رنز بنا کر عباس آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
 

نیوزی لینڈ کی طرف سے فِن ایلن نے سات چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 41 گیندوں پر 74 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)

نیوزی لینڈ کو چوتھا نقصان بھی جلد اٹھانا پڑ گیا جب 157 کے مجموعی سکور پر مارک چیپمین عباس آفریدی کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔
چوتھی وکٹ گرنے کے بعد کیوی لوئر آرڈر وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا جس کے بعد 182 رنز پر حارث رؤف نے دو لگاتار وکٹیں لے کر میچ میں شاندار واپسی کی۔
نیوزی لینڈ کو ساتواں نقصان اِش سوڈھی کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ صفر پر حارث رؤف کا میچ میں تیسرا شکار بن گئے جبکہ بلیک کیپس کی آٹھویں وکٹ مچل سینٹنر کے رن آؤٹ کی صورت میں گری۔
ہیملٹن میں کھیلے گئے اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔
دوسری جانب سے نیوزی لینڈ نے اس میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی جس کے بعد میٹ ہینری کی جگہ مچل سینٹنر کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا گیا۔
اس سے قبل جمعے کو آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 46 رنز سے شکست دے دی تھی۔
نیوزی لینڈ کو پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں صائم ایوب، محمد رضوان، بابر اعظم، فخر زمان، افتخار احمد، اعظم خان (وکٹ کیپر)، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، عامر جمال، اسامہ میر، عباس آفریدی اور حارث رؤف شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی پلئینگ الیون میں فِن ایلن، ڈیوون کونوے (وکٹ کیپر)، کین ولیمسن (کپتان)، ڈیرل مِچل، گلین فلپس، مارک چیپمین، مِچل سینٹنر، ایڈم ملن، ٹِم ساؤتھی، اِش سوڈھی اور بین سیئرز شامل تھے۔

شیئر: