بحیرہ احمر میں کشیدگی کم کرنا ہماری ترجیح ہے: سعودی وزیر خارجہ
بحیرہ احمر میں جاری حملے غزہ کی جنگ سے جڑے ہوئے ہیں ( فوٹو: سکرین گریب)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ’ مشرق وسطی کا علاقہ افراتفری کا شکار ہے۔ اس کا دائرہ مزید پھیلانے کی ضرورت نہیں۔‘
العربیہ کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے ڈیوس میں ورلڈ اکنامک فورم کے ایک مباحثے میں بحیرہ احمر میں کشیدگی اور عموما پورے علاقے میں بدامنی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’ بحیرہ احمر میں کشیدگی کم کرنا ہماری ترجیح ہے۔‘
سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا ’غزہ کی جنگ پورے علاقے کو بڑے خطرات کی طرف دھکیل دے گی۔ فوری جنگ بندی ضروری ہے۔ بحیرہ احمر میں حملے غزہ کی جنگ سے جڑے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مکمل خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام سے متعلق معتبر ٹریک تک رسائی ضروری ہے۔‘
ان کا کہنا تھا’ سعودی عرب مسئلہ فلسطین کی خاطر جسے ہم اپنا بنیادی مسئلہ سمجھتے ہیں حل کرانے کے لیے کوشاں ہیں اور پیشرفت حاصل کررہے تھے۔‘
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ’ مشرق وسطی میں امن وامان کے قیام کا واحد اور حقیقی راستہ یہ ہے کہ فلسطینیوں کو پروقار زندگی اور اس کی امید فراہم کی جائے۔‘