سعودی وزیر خارجہ کی آسٹریا اور نائیجریا کے ہم منصبوں سے ملاقات
جمعرات 18 جنوری 2024 18:59
باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جمعرات کو سوئس شہر ڈیوس میں آسٹریا کے وزیر خارجہ الیگزینڈر چالنبرگ سے ملاقات کی۔ فیصل بن فرحان ڈیوس میں منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کرنے گئے ہوئے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق فریقین نے سعودی عرب اور آسٹریا کے تعلقات کو مستحکم بنانے کی تدابیر کا جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔
دوسری جانب فیصل بن فرحان نے نائجیریا کے وزیر خارجہ یوسف مایتاما توجار سے بھی ڈیوس میں ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے مملکت اور نائجیریا کے دوطرفہ تعلقات اور تمام شعبوں میں انہیں جدید خطوط پر استوار و مستحکم بنانے کی تدابیر کا جائزہ لیا۔ باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
ان ملاقاتوں میں سوئٹزرلینڈ میں متعین سعودی سفیر ڈاکٹر عادل مرداد اور مشیر وزیر خارجہ محمد الیحیی بھی موجود تھے۔
ادھر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ڈیجیٹل کوآپریٹو آرگنائزیشن کی سیکریٹری جنرل دیمہ الیحیی سے ملاقات کی۔ انہوں نے ڈیجیٹل تبدیلی سے متعلق مسائل، ٹیکنالوجی سے وسیع تر استفادے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نیز اختراع کے شعبوں میں صلاحیت سازی جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا۔