ریاض میونسپلٹی کے تفتیشی دورے، 4 تجارتی مراکز سربمہر
’ تفتیشی دورے کے دوران 5055 کلو غذائی مواد تلف کردیا گیا ہے‘ ( فوٹو: ایکس)
ریاض میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ضوابط کی سنگین خلاف ورزی پر 4 تجارتی اداروں کو سربمہر کر دیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق میونسپلٹی کے اہلکاروں نے گزشتہ دنوں تفتیشی دورے کے دوران متعدد خلاف ورزیوں کو پکڑا ہے۔
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’تفتیشی دورے کے دوران ایک رہائشی مقام پر چھاپہ مارا گیا ہے جسے گودام کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا‘۔
میونسپلٹی نے بتایا ہے کہ ’ریاض شہر کے اطراف میں ایک اور مکان کو بند کردیا گیا ہے جسے تمباکو تیار کرنے کا کارخانہ بنا رکھا تھا‘۔
’تفتیشی دورے کے دوران 5055 کلو غذائی مواد تلف کردیا گیا ہے جو زائد المیعاد اور ناقابل استعمال تھا‘۔
’اسی طرح 4600 کلو سبزی اور پھل ضبط ہوئے ہیں جنہیں غیر قانونی طور پر فروخت کیا جارہا ہے‘۔
’ضبط شدہ سبزی اور پھل خیراتی اداروں کے حوالے کردیئے گئے ہیں‘۔