Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنجے دت بھی وسیم اکرم کی ریورس سوئنگ کے دیوانے

وسیم اکرم نے پاکستان کے لیے 25 ٹیسٹ اور 109 ون ڈے میچوں میں کپتانی کی۔ فوٹو: وسیم اکرم ایکس
انڈین فلم انڈسٹری بالی وڈ کے اداکار سنجے دت بھی پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم کی بولنگ کے مداح نکلے۔
بدھ کو دبئی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں سنجے دت نے گفتگو کے دوران کہا کہ ’وسیم بھائی کے ساتھ اس تقریب میں شرکت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، وسیم میرے بھائی کی طرح ہیں اور میں انہیں بہت برسوں سے جانتا ہوں۔‘
سنجے دت نے کہا ’میں نے دنیا میں جتنے بھی عظیم کرکٹرز دیکھے وسیم اکرم ان میں سے ایک ہیں اور وہ میرے لیے کرکٹ کے بھگوان ہیں۔‘
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنجے دت نے وسیم اکرم کی تعریف کرتے ہوئے کہا ’وسیم اکرم کی ریورس سوئنگ اوہ مائی گاڈ، سب ڈر جاتے تھے یار۔‘
دوسری جانب مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر وسیم اکرم نے بالی وڈ اداکار سنجے دت کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی ہے۔
وسیم اکرم نے تصویر کے عنوان میں لکھا، ’اپنے دوست سنجے دت کو تقریباً ایک دہائی کے بعد دیکھ کر بہت اچھا لگا، ہمیشہ کی طرح عاجز۔‘
وسیم اکرم کا شمار دنیا کے چند بڑے بولرز میں ہوتا ہے۔  سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم ابھی تک اپنی بولنگ سے بیٹرز کو حیران کر دیتے ہیں۔
انہوں نے اپنے 19 سالہ طویل کیریئر میں 104 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 414 وکٹیں حاصل کیں جبکہ انہوں نے 356 ون ڈے میچوں میں 502 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
وسیم اکرم نے پاکستان کے لیے 25 ٹیسٹ اور 109 ون ڈے میچوں میں کپتانی کی جس میں 1999 کا ورلڈ کپ اور انڈیا کا دورہ بھی شامل ہے۔ لیجنڈری گیند باز نے چار مرتبہ ہیٹرک کی اور 1992 کے ورلڈ کپ فائنل میں پلیئر آف دی میچ بھی قرار پائے۔
ان کے ساتھ یا مخالف ٹیموں میں کھیلنے والے کھلاڑی انہیں اپنے عہد کا سب سے بڑا بولر مانتے ہیں۔

شیئر: