سعودی عرب: ویسٹ ایشین ویمن فٹ بال چیمپئن شپ 19 فروری سے
یہ مملکت میں منعقد ہونے والا اے سائیڈ کا پہلا ویمن ٹورنامنٹ ہو گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ویسٹ ایشین فیڈریشن کی ویمن فٹبال چیمپئن شپ 19 سے 25 فروری تک سعودی عرب میں ہوگی جس میں میزبان ملک کے علاوہ اردن، شام، عراق اور لبنان، گوام اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔
یہ مملکت میں منعقد ہونے والا اے سائیڈ کا پہلا ویمن ٹورنامنٹ ہو گا اور سعودی عرب کی خواتین کی قومی فٹبال ٹیم پہلی بار ویسٹ ایشین فیڈریشن کے کسی علاقائی ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔
پیر کو عمان (اُردن) میں ہونے والے ڈرا میں گروپ اے میں میزبان سعودی عرب، جس کے کوچ یوئیس کورٹیس ہیں، کے علاوہ لبنان، گوام اور اردن کی ٹیمیں شامل ہیں جن کے درمیان کانٹے کے مقابلوں کی امید کی جا رہی ہے۔
گروپ بی میں فلسطین، شام، عراق اور نیپال شامل ہیں جنہیں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے گروپ میں پہلی دو پوزیشنز حاصل کرنا ہوں گی۔
سعودب عرب فٹبال فیڈریشن کے نائب صدر لامیا بہائیان نے کہا ہے کہ ’ہم ڈبلیو اے ایف ایف چیمپئن شپ کی میزبانی کرنے کے لیے حقیقتاً پرجوش ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ایک بہترین ٹورنامنٹ کی امید رکھتے ہوئے ہم بالخصوص اس ٹورنامنٹ کے مملکت بھر کی خواتین اور لڑکیوں پر مثبت اثرات کے حوالے سے پرجوش ہیں جبکہ اس سے قومی اور علاقائی سطح پر بھی ویمن فٹبال کو فروغ دینے میں مدد حاصل ہو گی۔‘
ماضی میں عرب ٹیموں کی اکثریت اس ٹورنامنٹ میں شریک ہوتی رہی ہے جبکہ اس سے قبل کھیلے گئے سات ایڈیشنز میں سے پانچ میں اردن اور دو میں متحدہ عرب امارات نے فتح اپنے نام کی۔
ڈبلیو اے ایف ایف کے سیکریٹری جنرل خلیل السلیمی نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب فٹبال فیڈریشن کے مختلف سطحوں پر فٹ بال کے مقابلوں کے کامیاب انعقاد کے ٹریک ریکارڈ کو پیش نظر رکھا جائے تو اس میں کوئی شبہ نہیں کہ حالیہ چیمپئن شپ میں بہترین مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔‘